آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران چار افرادجھلس کر زخمی
سرینگر / این این بی // شمالی ضلع بارہمولہ کے ہامرے پٹن میں آگ کی واردات میں مسجد شریف کو نقصان پہنچ گیا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران چار افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق بارہمولہ کے ہامرے پٹن میں آگ کی واردات میں مسجد شریف کے اوپری حصہ کو نقصان پہنچ گیا ۔ عین شاہدین کے مطابق مسجد شریف میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے ساتھ ہی وہاں موجود مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو مطلع کیا جس دوران انہوں نے جائے واردات پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی ۔ عین شاہدین کے مطابق آگ کافی بھیانک تھی اور اس کو بجھانے میں کافی وقت لگ گیا جس کے نتیجے میں مقامی مسجد شریف کے اوپری حصہ کو نقصان پہنچ گیا جبکہ آگ بجھانے کی کوشش میں چار افراد بھی جھلس کر زخمی ہو گئے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران اور واقعے کے نتیجے میں چار افراد معمولی طور پر جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی اور مزید نقصان کو روکنے کی کوشش کی۔ادھر حکام نے بتایا کہ مسجد شریف میں آگ لگنے کی اصل وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ آتشزدگی کے اس واقعے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔










