ریاستی درجہ ،آئینی او رجمہوری حقوق کی بحالی اعتماد سازی اور دیرپا سیاسی استحکام کی بنیاد بن سکتی ہے/چودھری رمضان
سرینگر / این این بی // نئی دہلی کو ایک نہ ایک دن 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی پوزیشن بحال کرنا ہی ہوگی کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری اور رکن راجیہ سبھا چودھری محمد رمضان نے کہا کہ جتنی جلدی مرکزی حکومت اپنی غلطیوں کا تدارک کرے گی، اتنا ہی ملک کے جمہوری نظام، آئین اور وفاقی ڈھانچے کے استحکام کیلئے سودمند ثابت ہوگا۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری اور رکن راجیہ سبھا چودھری محمد رمضان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کرکے نہ صرف اس تاریخی ریاست کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی گئی بلکہ ملک کے وفاقی جمہوری نظام اور آئینی اقدار کو بھی ایک گہرا دھچکا پہنچایا گیا۔ دفعہ 370 اور 35 اے محض آئینی دفعات نہیں تھیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی شناخت، انفرادی تشخص، اراضی، ملازمتوں اور آئینی حقوق کے تحفظ کی ضمانت بھی تھیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی تاریخ جموں و کشمیر کے تشخص، خودمختاری اور خصوصی آئینی پوزیشن کے تحفظ کیلئے دی گئی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے۔ شیرِ کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی قیادت سے لے کر آج تک پارٹی نے ہر دور میں جموں و کشمیر کے آئینی حقوق، عوامی وقار اور سیاسی شناخت کے تحفظ کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ سیاسی مشکلات، آزمائشوں اور نامساعد حالات کے باوجود نیشنل کانفرنس نے اپنے اصولی مو ¿قف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے 5 اگست 2019 کے فیصلوں کے خلاف ہر جمہوری، سیاسی، آئینی اور قانونی فورم پر آواز بلند کی ہے۔ پارٹی نے پارلیمنٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے اور دفعہ 370 و 35 اے کی بحالی پارٹی کے سیاسی عزم اور جدوجہد کا بنیادی حصہ ہے۔ یہ جدوجہد کسی سیاسی مفاد یا اقتدار کیلئے نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق، اجتماعی شناخت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ہے۔چودھری محمد رمضان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ 2023سے پہلے سپریم کورٹ نے دو مرتبہ دفعہ370کو آئین کی مستقل دفعہ کے مترادف قرار دیا لیکن بدقسمتی سے 11دسمبر2023کو سپریم کورٹ نے دفعہ370کی تنسیخ کو برقرار رکھا،لیکن اس سے جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری، سیاسی اور آئینی حقوق کی بحالی کا مطالبہ ختم نہیں ہوتا۔ نیشنل کانفرنس پُرامید ہے کہ انشاءاللہ مستقبل میں ملک میں صحیح جمہوری اور آئینی سوچ مزید پروان چڑھے گی، انصاف اور وفاقیت کے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھا جائے گا اور ایک دن دفعہ 370 اور 35اے کے تحت جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی آئینی اختیارات اور حقوق کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا تحفظ اور بحالی ملک کی وحدت کے خلاف نہیں بلکہ ہندوستان کے آئینی وفاقی نظام، جمہوری روایات اور تنوع میں اتحاد کے بنیادی اصولوں کے عین مطابق ہے۔ کسی خطے کی منفرد شناخت اور آئینی ضمانتوں کا احترام ہی ایک مضبوط جمہوریت کی علامت ہوتا ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ ضد اور سیاسی انا سے بالاتر ہوکر جموں و کشمیر کے عوام کے احساسات، امنگوں اور تاریخی حقائق کا احترام کرے اور 5 اگست 2019 کے فیصلوں کے اثرات کا ازسرنو جائزہ لے۔ ریاستی درجہ، خصوصی آئینی حیثیت اور عوام کے جمہوری حقوق کی بحالی ہی اعتماد سازی اور دیرپا سیاسی استحکام کی بنیاد بن سکتی ہے۔چودھری محمد رمضان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس اپنے بانی رہنماو ¿ں کے اصولوں اور تاریخی ورثے کو سامنے رکھتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق، خصوصی تشخص اور سیاسی وقار کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی اور کسی بھی صورت میں اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔










