این آئی اے ٹیم نے جائے واردات کا کیا دورہ،فرانسک شواہد جمع کیے اور حملے سے متعلق مختلف پہلوو ں کا جائزہ لیا
سرینگر // این این بی // جنوبی ضلع کولگام کے میر بازار علاقے میں سی آر پی ایف چوکی پر حملہ کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کی ٹیم نے جائے واردات کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور کچھ اہم شواہد جمع کیے۔ نیشنل نیوز بیورو کے مطابق جنوبی ضلع کولگام میں میربازار کے قریب سی آر پی ایف چوکی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے کیونکہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیم نے جائے واردات کا دورہ کرکے وہاں سے فرانسک شواہد جمع کیے اور حملے سے متعلق مختلف پہلوو ¿ں کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں کم از کم تین دہشت گردوں کے حملے میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سے دو کے غیر ملکی ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق این آئی اے کی ٹیم نے جائے واردات کا معائنہ کرکے اہم شواہد اکٹھے کیے تاکہ حملے کی نوعیت، دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور واردات کے دوران پیش آنے والے واقعات کی ترتیب کا تعین کیا جاسکے۔ حکام کو امید ہے کہ جائے واردات سے حاصل کیے گئے نمونے اور دیگر شواہد تحقیقات کو آگے بڑھانے اور حملے میں ملوث عناصر کی شناخت میں مددگار ثابت ہوں گے۔پولیس افسر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے میں کم از کم تین دہشت گرد ملوث تھے، جن میں سے دو کے غیر ملکی شہری ہونے کا امکان ہے۔ حکام علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں کی نقل و حرکت اور ان کے فرار ہونے کے راستے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں نے چوکی سے تقریباً 50 میٹر دور واقع دلدلی علاقے سے پیدل پیش قدمی کی اور درختوں و جھاڑیوں کی آڑ لیتے ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں پر اے کے 47 رائفلوں سے فائرنگ کی۔ حملے کے بعد وہ اسی راستے سے پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی آر پی ایف کے مطابق بدھ کے روز تقریباً دو بجکر 15 منٹ پر 46ویں بٹالین کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو پل کی حفاظت کے لیے تعینات تھے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔حملے میں زخمی ہونے والے سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سوم ویر سنگھ (مدھیہ پردیش)، کانسٹیبل راکیش داس (آسام) اور کانسٹیبل سنتوش چندرو (مغربی بنگال) کے طور پر ہوئی ہے۔










