ایمان ، آزادی اور انسانیت کے اقدار کی پاسداری کی اپیل کی
جموں//وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی ، ثقافت ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس میر سیف اللہ نے سری گرو تیغ بہادر صاحب جی کی عظیم قربانی کی لازوال اہمیت کو اجاگر کیا اور اسے مذہبی آزادی ، ، انسانی وقار ، رواداری اور عالمگیر بھائی چارے کی پائیدار علامت قرار دیا ۔ وزیر موصوف ’’ شرشٹی دی چادر ۔ ایمان اور مذہبی آادی کیلئے عظیم قربانی ‘‘ کے عنوان سے ایک دس شہروں پر مشتمل قومی سطح کی تعلیمی اور بین المذاہب یاد گاری تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے ، جو سری گرو تیغ بہادر صاحب جی کی شہادت کی 350 ویں برسی کے موقع پر ابھینو تھیٹر جموں میں منعقد کی گئی ۔ میر سیف اللہ نے کہا کہ گرو تیغ بہادر صاحب جی کی عظیم قربانی مذہبی اور جغرافیائی حدود سے بالا تر تھی اور دوسروں کے حقوق ، عقائد اور آزادی کیلئے کھڑے ہونے کی عظیم ترین مثالوں میں سے ایک تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گرو صاحب کی بے مثال بہادری اور ضمیر کی آزادی کے تحفظ کیلئے ان کا عزم آج بھی انسانیت کو سبق دیتا ہے اور معاشرے میں اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے ۔ ملک کی امیر روحانی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ عظیم روحانی شخصیات کی تعلیمات نوجوان نسلوں تک پہنچنی چاہئیں تا کہ ہمدردی ، باہمی احترام ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کی اقدار معاشرے میں گہرائی سے جُڑ جائیں ۔ انہوں نے منتظمین کی تعریف کی کہ انہوں نے ماہرین تعلیم ، اسکالرز ، ادیبوں ، طلبہ اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا تا کہ گرو صاحب کی زندگی ، فلسفہ اور غیر معمولی شہادت پر غور و فکر کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بناتے ہیں اور کمیونٹیز کے درمیان معنی خیز مکالمے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔اس اقدام کا جموں چیپٹر آئی ایچ اے فاؤنڈیشن نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز اور ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹی ( ڈی جی پی سی ) جموں کی حمایت سے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس ( آئی جی این سی اے ) وزارت ثقافت حکومت ہند کے زیر اہتمام منعقد کیا ۔ پروگرام کا اختتام سری گرو تیغ بہادر صاحب جی کے مجسم عالمگیر نظریات کی دوبارہ تصدیق کے ساتھ ہوا اس پیغام کے ساتھ کہ ان کا سب سے بڑا خراجِ عقیدت انسانیت ، انصاف ، مذہبی اور عالمگیر بھائی چارے کو برقرار رکھنے میں مضمر ہے ۔










