انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۷ء سے قبل کھلاڑیوں کے بڑے تبادلے کے تحت ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا پنجاب کنگز میں شامل ہوں گے، جبکہ ہندوستانی تیز گیندباز عرشدیپ سنگھ پانچ بار کی چیمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ اس تبادلے کے ساتھ ہاردک پانڈیا کا ممبئی انڈینز کے ساتھ دوسرا دور ختم ہوجائے گا، جہاں انہوں نے چار آئی پی ایل خطاب جیتے۔ دوسری جانب عرشدیپ آٹھ سیزن تک پنجاب کنگز کے ساتھ رہنے کے بعد نئی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
پانڈیا نے ۲۰۱۵ء میں ممبئی انڈینز کے ساتھ اپنے آئی پی ایل کریئر کا آغاز کیا تھا اور۲۰۱۵ء، ۲۰۱۷ء، ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء میں ٹیم کی خطاب جیتنے والی مہم کا حصہ رہے۔ سات سیزن ممبئی کے ساتھ گزارنے کے بعد وہ ۲۰۲۲ء میں گجرات ٹائٹنز سے وابستہ ہوئے اور پہلے ہی سیزن میں ٹیم کو چیمپئن بنادیا۔ گجرات نے ۲۰۲۳ء میں بھی فائنل تک رسائی کی تھی۔۲۰۲۴ء میں ممبئی انڈینز میں واپسی کے بعد پانڈیا کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی۔ انہوں نے اب تک ۱۶۲؍ آئی پی ایل میچوں میں ۲۸ء۱۴۶؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۲۹۵۵؍ رن بنائے ہیں اور ۸۲؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ پنجاب کنگز میں ۱۸؍ کروڑ روپے کی رقم پر شامل ہوں گے، جو ان کی موجودہ ۳۵ء۱۶؍ کروڑ روپے کی فیس سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب عرشدیپ سنگھ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں۔ انہوں نے ۹۶؍ میچوں میں ۱۱۱؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں پنجاب کی جانب سے آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز نے نئی گیند اور آخری اوورز میں اپنی مؤثر گیندبازی سے نمایاں مقام بنایا ہے۔ انہوں نے ۲۰۲۵ء کے سیزن میں ۲۱؍اور ۲۰۲۶ء میں ۱۴؍ وکٹ حاصل کی تھیں۔ عرشدیپ ممبئی انڈینز میں اپنی موجودہ ۱۸؍ کروڑ روپے کی فیس پر شامل ہوں گے۔اس تبادلے سے پنجاب کنگز کو ایک تجربہ کار آل راؤنڈر اور سابق آئی پی ایل فاتح کپتان ملے گا، جبکہ ممبئی انڈینز کو بائیں ہاتھ کا ایک مؤثر تیز گیندباز حاصل ہوگا، جس سے ۲۰۲۷ء کے سیزن سے قبل اس کی گیندبازی مضبوط ہونے کی توقع ہے۔










