ہندوستان اور بیرونِ ملک کے ماہرین کا دیرپا ڈیری پروڈکشن اور ’اینٹی مائیکرو بائل ریزسٹنس(اے ایم آر)‘ پر تبادلہ خیال
جموں// ایسوسی ایشن آف ماسٹائٹس کی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس (اے او ایم سی او این۔2026) اور اس کی سالانہ کنونشن کا اِفتتاح شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف جموں ( ایس کے یو اے ایس ٹی۔ جموں) کی فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز اینڈ اینمل ہسبنڈری (ایف ۔وی۔ایس سی اینڈ اے ایچ) آر ایس پورہ میں کیا گیا۔ یہ کانفرنس’ ایسوسی ایشن آف ماسٹائٹس ‘کی جانب سے سکاسٹ جموں کے اِشتراک سے ’’پائیدار ڈیری پیداوار کے لیے جانوروں کے تھنوںکی صحت کو بہتر بنانا: تشخیص، علاج، صاف دودھ اور’ اینٹی مائیکرو بائل ریزسٹنس( اے ایم آر) سے نمٹنے کے لئے جدید طریقے ‘کے موضوع پر منعقد کی جا رہی ہے۔وزیر برائے زرعی پیداوار ، فائنانس ، کان کنی اور اِمدادِ باہمی محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے اِس تقریب میںبحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی نے اِفتتاحی تقریب کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر سابق ڈائریکٹرریسرچ سکاسٹ جموں ڈاکٹر این اے سدھن اور جنوبی کوریا کی کانگ وون نیشنل یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر سنگ جن لی نے مہمانانِ ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کی۔ اِفتتاحی تقریب کا آغاز روایتی دعا سے ہواجس کے بعد قومی نغمہ اور قومی ترانہ پیش کیا گیا اورروایتی چراغ روشن کیا گیا۔ آرگنائزنگ سیکرٹری ’اے او ایم سی او ین۔2026 اور بانی جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن آف ماسٹائٹس ڈاکٹر نیلیش شرمانے معزز مہمانوں اور مندوبین کا خیر مقدم کیا۔اُنہوں نے ’ماسٹائٹس‘ سے متعلق تحقیق، جانوروں کے تھنوں کی صحت اور صاف دودھ کی پیداوار کو فروغ دینے میںایسوسی ایشن کی سرگرمیوں اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ ایف۔وی۔ایس سی اینڈ اے ایچ کے ایسوسی ایٹ ڈین سکاسٹ جموں اور کانفرنس کے کنوینر ڈاکٹر ایم ایس بھدوال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔اِفتتاحی تقریب کے دوران کانفرنس کا کمپنڈیم باضابطہ طور پر جاری کیا گیا جس کے بعد ویٹرنری سائنس، تحقیق، ڈیری کی ترقی اورجانوروں کی صحت نگہداشت میں مثالی خدمات اَنجام دینے والوں کو ’ایسوسی ایشن آف ماسٹائٹس‘ کے مختلف ایوارڈ ز سے نوازا گیا۔ پروفیسر بی این ترپاٹھی کو پروفیسر اے کے سریواستو ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیاجبکہ این ڈِی ڈِی بی آنند میں اینمل ہیلتھ کے سابق سربراہ ڈاکٹر ایس کے رانا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ڈاکٹر سنگ جن لی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سپیشل ریکگنیشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔مہمانِ خصوصی جاوید احمد ڈار نے اَپنے خطاب میں سائنسی اَقدامات، جانوروں کی صحت کی بہتر نگہداشت ، معیاری دودھ کی پیداوار اور کسان دوست اَقدامات کے ذریعے ڈیری سیکٹر کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں مویشیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور ڈیری سیکٹر کی دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹیوں، تحقیقی اِداروں، سرکاری محکموں اور دیگر شراکت داروں کے درمیان قریبی تال میل کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔وزیر موصوف نے ایک جامع،دیرپااور گاؤں کی سطح پر بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ جموں و کشمیر کے ہر گاؤں کو دودھ دینے والے جانوروں میں ماسٹائٹس کی روکتھام، بروقت تشخیص، علاج اور کنٹرول کی مخصوص مہم کے تحت لایا جا سکے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ لیول تک رسائی کو مضبوط بنائیں، کسانوں کو احتیاطی تدابیر اور سائنسی اِنتظام کے طریقوں سے آگاہ کریں اور بروقت ویٹرنری مداخلت کو یقینی بنائیں تاکہ مویشی مالکان معاشی نقصانات سے محفوظ رہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ حکومت کی ترجیح جانوروں کی صحت کا تحفظ، دودھ کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا اور ڈیری کسانوں کی معاشی بہبود کو مضبوط بنانا ہے۔ اُنہوں نے سائنسی اِختراعات، زرعی ترقی اور لائیو سٹاک سیکٹر کی مجموعی ترقی میں ان کی اہم شراکت کو تسلیم کرتے ہوئے ریسرچ سکالروں اور طلبأ کے لئے سہولیات، اِدارہ جاتی تعاون اور مواقع کو بڑھا کر تحقیقی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی نے مویشی پالن کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے معیاری تعلیم، اِختراعی تحقیق اور توسیعی اَقدامات کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی کے عزم پر زور دیا۔ اُنہوں نے ماسٹائٹس کے سائنسی انتظام، بیماری کی جلد تشخیص، جراثیم کش اَدویات کے درست اِستعمال اوردودھ کی پیدوار کو بہتر بنانے اور محفوظ اور معیاری دودھ کی پیداوار کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے اَپنانے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے جانوروں کی صحت میں اُبھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی سائنسی تعاون اور صنعت و تعلیمی اِداروں کی شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر این اے سدھن نے مویشی پروری کی پیداوار میں اُبھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تحقیق اور اِدارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دِیا جبکہ ڈاکٹر سنگ جن لی نے دودھ دینے والے جانوروں کی صحت کوبہتر بنانے اوردیرپا ڈیری فارمنگ کے فروغ میںبین الاقوامی تعاون، سائنسی تبادلے اور تکنیکی جدت طرازیوں کے اِمکانات کو اُجاگر کیا۔ نائب صدر ایسو سی ایشن آف ماسٹائٹس ڈاکٹر سجیت کمار نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔اِس کانفرنس میں ممتاز سائنسدان، ماہرینِ تعلیم، ویٹرنری پیشہ ور اَفراد، محققین، پالیسی ساز، صنعتی نمائندے اور دیگر متعلقہ ماہرین اور پوسٹ گریجویٹ طلبأ نے شرکت کی۔ بین الاقوامی سائنسی شرکت میں برازیل، جنوبی کوریا اور کروشیا کے ماہرین کے علاوہ ملک کے ممتاز ویٹرنری اور زرعی اداروں کے سرکردہ محققین بھی شامل تھے۔شعبہ اینمل نیوٹریشن‘ کے پروفیسر ڈاکٹر انکور رستوگی نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور اِفتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض بھی انجام دئیے۔اِس پروگرام میں زراعت اورمنسلک شعبوں کے محکموں کے ڈائریکٹروں، فیکلٹی ممبران، سکالروں اور فیکلٹی کے طلبأ نے بھی شرکت کی۔










