مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کا انحصار صرف طیاروں کی تعداد پر نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی پر بھی ہوگا/ راجناتھ سنگھ
سرینگر/ این این بی // دفاعی افواج پر جنگ میں ’حیرت کے عنصر‘ کی جارحانہ اور دفاعی دونوں صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور برقرار رکھنے کا زور دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور جدید جنگی حکمت عملیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے روایتی اور نئے خطرات کا مو ¿ثر مقابلہ کرنے کیلئے یہ ضروری ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نئی دہلی میں منعقدہ فضائیہ کے کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور دفاعی افواج کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی آپریشنل تیاریوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنائیں۔ انہوں نے انٹیلی جنس اور نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافے، مختلف دفاعی نظاموں کے درمیان بہتر تال میل اور ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کو انتہائی اہم قرار دیا۔سنگھ نے کہا کہ بھارتی دفاعی افواج کو ایسی صلاحیتیں اور عملی طریقہ کار تیار کرنے چاہئیں جن کے ذریعے دشمن کو ردعمل ظاہر کرنے یا اپنی پوزیشن بحال کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی افواج کو دشمن کی کسی بھی غیر متوقع کارروائی سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔وزیر دفاع نے کہا کہ جنگ میں حیرت کا عنصر مختلف شکلوں میں سامنے آ سکتا ہے، جس میں روایتی فوجی کارروائیوں کے علاوہ الیکٹرانک اور تکنیکی طریقے بھی شامل ہیں۔ ایسے حالات میں انٹیلی جنس اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ دشمن کی نقل و حرکت، منصوبہ بندی اور ممکنہ حملوں کے بارے میں بروقت معلومات حاصل کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ دفاعی افواج کے اہلکاروں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ آپریشنل نظام کو بھی اس قابل بنانا ہوگا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مو ¿ثر کارروائی کی جا سکے۔عصر حاضر کے جنگی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جدید تنازعات اب روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہے بلکہ غیر رابطہ جنگ کی شکل میں بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں، جہاں میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع اور اسرائیل۔حماس جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تنازعات نے واضح کر دیا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی اور فضائی دفاعی نظام جدید جنگ کے بنیادی اجزا بن چکے ہیں۔وزیر دفاع نے فضائیہ کے کمانڈروں کو خبردار کیا کہ انہیں کامیکاز ڈرونز، نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے بغیر پائلٹ فضائی نظاموں اور انسدادِ ڈرون کارروائیوں جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔راج ناتھ سنگھ نے بھارتی فضائیہ پر زور دیا کہ وہ جنگ کے ابھرتے ہوئے شعبوں، بالخصوص الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اسپیس اور خلائی میدان کے لیے مخصوص نظریہ، حکمت عملی اور عملی ڈھانچہ تیار کرے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے تنازعات میں ان شعبوں کی اہمیت مزید بڑھنے والی ہے، اس لیے ان میں دفاعی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق جدید جنگ میں کامیابی صرف روایتی فوجی طاقت سے حاصل نہیں کی جا سکتی بلکہ مختلف تکنیکی شعبوں میں مہارت اور باہمی تعاون بھی ضروری ہوگا۔وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں اس بات پر خصوصی زور دیا کہ مستقبل کی جنگوں میں فتح کا انحصار محض جنگی طیاروں کی تعداد یا ہتھیاروں کی کثرت پر نہیں ہوگا، بلکہ تکنیکی برتری، فوری ردعمل کی صلاحیت اور دفاعی تیاریوں کی درستگی بھی فیصلہ کن کردار ادا کریں گی۔انہوں نے فضائیہ کے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ ان نئے چیلنجوں کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل کریں اور انہیں ادارہ جاتی سوچ، دفاعی منصوبہ بندی اور عملی فوجی کارروائیوں کا مستقل حصہ بنائیں۔راج ناتھ سنگھ نے واضح کیا کہ بدلتے ہوئے عالمی سکیورٹی منظرنامے میں بھارتی دفاعی افواج کو مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل جدید کاری، بہتر انٹیلی جنس، جدید ٹیکنالوجی اور مو ¿ثر آپریشنل حکمت عملی پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔










