ڈاکٹر میر محمد ابراہیم

’’تیری شفا تیرے ہی اندر ہے، مگر تو اسے دیکھ نہیں پاتا
تیرا مرض بھی تجھ ہی سے ہے، مگر تو اس سے بے خبر ہے
تو اپنے آپ کو ایک معمولی سا وجود سمجھتا ہے
حالاں کہ تیرے اندر ایک پوری کائنات سمٹی ہوئی ہے
یہ مختصر مگر عمیق کلام انسان کو اس کے ظاہری حجم سے آگے بڑھ کر اس کے باطن میں جھانکنے کی دعوت دیتا ہے۔ انسان بظاہر ایک محدود وجود ہے، مگر اس کے اندر امکانات کی ایک وسیع دنیا آباد ہے۔ اس کے وجود میں ایسے خزانے پوشیدہ ہیں جنہیں اگر وہ دریافت کرے، علم و تربیت سے نکھارے اور صحیح سمت میں بروئے کار لائے تو اس کی ذات نہ صرف سنور سکتی ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی علم، ہنر، خدمت، خیر اور روشنی کا سرچشمہ بن سکتی ہے۔
انسان کی یہی پوشیدہ صلاحیتیں اسے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک بناتی ہیں۔ غور کیا جائے تو اللہ تعالیٰ نے دنیا میں تیار شدہ مشینیں، کمپیوٹر، ہوائی جہاز، عظیم الشان کارخانے یا دوا سازی کی فیکٹریاں براہِ راست پیدا نہیں کیں؛ بلکہ انسان کو پیدا کیا اور اسے عقل، شعور، تخیل، ارادہ، مشاہدہ، تجربہ اور تخلیق کی صلاحیتیں عطا فرمائیں۔ پھر اسی انسان نے ان صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے مختلف علوم و فنون کو ترقی دی اور ایسی بے شمار چیزیں ایجاد کیں جو انسانی زندگی کو آسان بنانے کا ذریعہ بنیں۔اس اعتبار سے دیکھا جائے تو اصل کمال مشین، کمپیوٹر، ہوائی جہاز یا فیکٹری میں نہیں، بلکہ اس انسانی عقل و صلاحیت میں ہے جس نے ان چیزوں کو وجود بخشا۔ ایک معمولی سا انسانی ذہن جب علم، تجربے اور مسلسل محنت سے جڑتا ہے تو اس کے اندر سے ایسے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوتے ہیں جو بظاہر اس کے محدود جسمانی وجود سے کہیں بڑھ کر دکھائی دیتے ہیں۔
ظاہری وجود سے ممکنہ وجود تک
انسان کو اپنے آپ کو معمولی، کمزور یا بے وسیلہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ بسا اوقات جس وجود کو وہ محدود سمجھ رہا ہوتا ہے، اسی کے اندر ایک ایسی وسیع دنیا پوشیدہ ہوتی ہے جو ابھی خود اس کے اپنے شعور پر بھی منکشف نہیں ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو محض ایک جسمانی وجود کی حیثیت سے دنیا میں نہیں بھیجا، بلکہ اسے فکر، شعور، ارادہ، تخلیق، جستجو، فن، بیان، تعمیر اور خدمت جیسی بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ ان صلاحیتوں کا ظہور کیسے ہو؟
انسان کی زندگی محض وجود میں آنے کا نام نہیں؛ یہ اپنے ممکنہ وجود تک پہنچنے کا سفر بھی ہے۔ یعنی انسان صرف یہ نہیں کہ وہ کیا ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ کیا بن سکتا ہے اور خود کو کیا بناتا ہے۔ اس کے موجودہ وجود میں امکانات کا بیج موجود ہوتا ہے، مگر ان امکانات کو حقیقت میں بدلنے کا عمل اس کی شعوری کوشش، انتخاب اور عمل سے مکمل ہوتا ہے۔
اسی لیے انسانی زندگی کو ایک ایسے سفر سے تعبیر کیا جاسکتا ہے جو موجودہ حالت سے ممکنہ کمال کی طرف لے جاتا ہے؛ ایک ایسا سفر جس میں انسان اپنے اندر ودیعت امکانات کو دریافت کرتا، انہیں پروان چڑھاتا اور بالآخر انہیں ایک بامقصد اور مفید زندگی میں ڈھال دیتا ہے۔
بیج میں چھپا ہوا تناور شجر
انسانی زندگی کو سمجھنے کے لیے بیج اور درخت کی مثال نہایت بامعنی ہے۔ ایک ننھے سے بیج کو دیکھیے۔ بظاہر وہ ایک معمولی سا دانہ ہے، مگر اس کے اندر ایک پورا درخت پوشیدہ ہوتا ہے: جڑیں، تنا، شاخیں، پتے، پھول اور پھل ؛سب بالقوۃ اس کے اندر موجود ہوتے ہیں۔لیکن محض یہ امکان کافی نہیں۔ بیج کو اپنی پوشیدہ حقیقت ظاہر کرنے کے لیے زرخیز زمین، مناسب موسم، پانی، روشنی، ہوا، وقت اور مسلسل نگہداشت درکار ہوتی ہے۔ اگر اسے ناموزوں زمین میں ڈال دیا جائے، پانی نہ ملے یا اس کی نگہداشت نہ کی جائے تو اس کے اندر موجود شجر کا امکان شاید کبھی حقیقت نہ بن سکے۔انسان بھی اسی طرح اپنے اندر بے شمار امکاناتِ کمال لے کر دنیا میں آتا ہے۔ مگر صلاحیت کا محض موجود ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ لازماً ظہور میں بھی آئے گی۔ اسے بھی سازگار ماحول، درست تربیت، مناسب مواقع، رہنمائی، علم، تجربے اور مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔یوں انسان کے اندر صلاحیت کا وجود ایک امکان ہے، جبکہ اس کا ظہور ایک عمل۔
صلاحیت کا وجود اور صلاحیت کا ظہور
صلاحیت کا ہونا اور صلاحیت کا ظاہر ہونا دو الگ حقیقتیں ہیں۔ انسان کے اندر کوئی قابلیت موجود ہو سکتی ہے، لیکن جب تک وہ اسے پہچان نہ لے اور اس کی نشوونما کے لیے شعوری کوشش نہ کرے، وہ قابلیت ایک خام امکان ہی رہتی ہے۔یہیں سے خود شناسی کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ انسان کو اپنے اندر اترنا پڑتا ہے، اپنے باطن کی دنیا کو تلاش کرنا پڑتا ہے اور خود سے سوال کرنا پڑتا ہے:میں کون ہوں؟ میرے اندر اللہ تعالیٰ نے کیا رکھا ہے؟مجھے کس کام میں حقیقی رغبت محسوس ہوتی ہے؟کون سا کام میری فکر کو بیدار کرتا ہے؟کس میدان میں میری طبیعت آگے بڑھنے اور کچھ نیا کرنے پر آمادہ ہوتی ہے؟
یہ سوالات انسان کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں تک پہنچنے کا راستہ دکھاتے ہیں۔ ہر شخص ہر میدان کے لیے یکساں موزوں نہیں ہوتا۔ ممکن ہے کسی میں علم کی غیر معمولی استعداد ہو، کسی میں فن و تخلیق کی، کسی میں قیادت کی، کسی میں تدریس کی، کسی میں تحقیق کی اور کسی میں خدمت و اصلاح کی۔اسی لیے یہ بات بڑی معنی خیز ہے: “Being a misfit does not mean being unfit.”یعنی ہر ناموزوں شخص نااہل نہیں ہوتا؛ کبھی مسئلہ شخص میں نہیں، ماحول میں ہوتا ہے۔صلاحیت کی دریافت سفر کا اختتام نہیں، بلکہ آغاز ہے۔ ایک بار جب انسان اپنی استعداد کو پہچان لیتا ہے تو اگلا مرحلہ اسے علم، تربیت، تجربے اور مسلسل مشق کے ذریعے نکھارنے کا ہے۔خام صلاحیت اور پختہ صلاحیت میں وہی فرق ہے جو خام معدنیات اور تراشے ہوئے ہیرے میں ہوتا ہے۔ قدرت نے امکان عطا کیا ہے، مگر اسے صورت، سمت اور تاثیر دینا انسان کی ذمہ داری ہے۔ مطالعہ فکر کو وسعت دیتا ہے، تربیت صلاحیت کو سمت دیتی ہے، تجربہ اسے پختگی عطا کرتا ہے اور مسلسل محنت اسے مؤثر قوت میں تبدیل کر دیتی ہے۔
کسی پھتر کی بھی تقدیر سنورسکتی ہے شرط یہ ہے کہ سلیقے سے تراشا جائے
اس مرحلے میں انسان کو ناکامیوں سے گھبرانے کے بجائے انہیں تربیت کا حصہ سمجھنا چاہیے۔ درخت بھی ایک دن میں تناور نہیں ہوتا؛ اسے موسموں کے نشیب و فراز سے گزرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح انسانی صلاحیت بھی وقت، صبر اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ پختہ ہوتی ہے۔
صلاحیت کا حقیقی امتحان
صلاحیت کی تکمیل صرف اس وقت نہیں ہوتی جب انسان اپنی ذات کے لیے کچھ حاصل کرلے، بلکہ اس وقت ہوتی ہے جب اس کی قابلیت دوسروں کے لیے بھی خیر کا ذریعہ بن جائے۔بیج کی حقیقی معنویت اس وقت سامنے آتی ہے جب وہ درخت بن کر سایہ دیتا، پھل دیتا اور اپنی خوشبو و ثمر سے دوسروں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ اگر اس کے اندر درخت بننے کی پوری استعداد موجود ہو، مگر وہ کبھی زمین سے باہر نہ نکلے، تو اس کا امکان اپنی تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔انسان کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ اس کی علمی قابلیت اگر دوسروں کی رہنمائی کا ذریعہ بنے، اس کا قلم حق و خیر کی ترجمانی کرے، اس کا فن حسن پیدا کرے، اس کی فکر مسائل کے حل تلاش کرے اور اس کی قوتِ عمل معاشرے کی تعمیر میں کام آئے تو اس کی صلاحیت اپنے حقیقی مقصد سے ہم کنار ہوتی ہے۔یوں صلاحیت کا سفر خود شناسی سے شروع ہو کر خود سازی، اور خود سازی سے خدمتِ خلق اور امت سازی تک پہنچتا ہے۔
کمال کی سمت
یہاں انسان کی ذمہ داری مزید واضح ہوجاتی ہے۔ اسے اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو صرف دریافت ہی نہیں کرنا، بلکہ انہیں صحیح سمت بھی دینی ہے۔ ہر صلاحیت بذاتِ خود کمال نہیں؛ اصل کمال یہ ہے کہ اسے کس مقصد کے لیے اور کس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔اسی لیے انسانی عظمت محض اس بات میں نہیں کہ اس کے اندر کتنی صلاحیتیں موجود ہیں، بلکہ اس میں ہے کہ وہ ان صلاحیتوں کو کس قدر حسن، اخلاص، مقصدیت اور افادیت کے ساتھ عمل میں ڈھالتا ہے۔قرآنِ کریم کے الفاظ “أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا” اسی حقیقت کی طرف ایک گہرا اشارہ کرتے ہیں۔ سوال صرف یہ نہیں کہ کس نے عمل کیا، بلکہ یہ بھی ہے کہ کس نے بہتر عمل کیا۔ یعنی انسانی قدر محض عمل کے وجود سے نہیں، بلکہ اس کے حسن، اخلاص، مقصد اور اثر سے متعین ہوتی ہے۔پس انسان کی حقیقی ترقی یہ نہیں کہ وہ صرف اپنی صلاحیتوں کو پہچان لے، بلکہ یہ ہے کہ انہیں علم و کردار سے سنوارے، صحیح مقصد سے جوڑے اور خیرِ عام کا وسیلہ بنا دے۔
آخرکار انسان کا سفر صلاحیت کے وجود سے صلاحیت کے ظہور، ظہور سے کمال، اور کمال سے افادیت تک کا سفر ہے۔ جو شخص اپنے اندر چھپی ہوئی دنیا کو دریافت کرلیتا ہے، اسے تربیت اور محنت سے سنوارتا ہے اور پھر اسے دوسروں کے لیے خیر کا ذریعہ بنا دیتا ہے، وہ محض اپنی ذات کو نہیں بناتا؛ وہ اپنے وجود کے اندر پوشیدہ اس ’’عالمِ اکبر‘‘ کو بھی آشکار کرتا ہے جس کی طرف شاعر نے اشارہ کیا ہے جو غالباً کلام علی ؑسے منسوب ہے۔










