خصوصی پوزیشن کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی / ڈاکٹر فاروق
سرینگر / این این بی // نیشنل کانفرنس ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، جس نے اپنی طویل سیاسی تاریخ میں بے شمار طوفانوں، سخت ترین آزمائشوں اور چیلنجوں کا سامنا کیا ہے کی بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہر مشکل دور میں یہ جماعت عوامی حمایت اور اپنے اصولوں کی بنیاد پر سرخرو ہوکر اُبھری ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کو ارسال اپنے ایک بیان میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت عوام کے ساتھ اس کا غیر متزلزل رشتہ، عوام دوست پالیسیوں اور آئینی، جمہوری و بنیادی حقوق کے حصول کیلئے اس کی تاریخی جدوجہد میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے بنیادی نظریے، سیاسی اصولوں اور تاریخی مشن پر چٹان کی طرح قائم ہے۔ 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کے عوام سے چھینے گئے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کیلئے ہماری جدوجہد کل بھی جاری تھی، آج بھی جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آئینی اور جمہوری حقوق اور وقار کی بحالی کا مقصد حاصل نہیں ہوجاتا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے واضح کیا کہ کوئی بھی غلط پروپیگنڈا، فریبی بیان بازی یا گمراہ کن سازش نیشنل کانفرنس کے تاریخی کردار، سیاسی موقف اور عوامی ایجنڈے کو مسخ نہیں کرسکتی۔ ہماری سیاست اقتدار کے حصول تک محدود نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، تشخص، شناخت اور آئینی تحفظات کے دفاع سے عبارت ہے۔ ہم نے ہمیشہ اپنے مو ¿قف کو عوام کے سامنے رکھا ہے اور ہر دستیاب آئینی و جمہوری فورم پر اس کی وکالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے 5 اگست 2019 کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، پارلیمنٹ میں ان فیصلوں کے خلاف مسلسل آواز بلند کی اور عوام عدالت میں بھی اپنا مو ¿قف پوری وضاحت کے ساتھ پیش کیا۔ عوام نے انتخابی عمل کے ذریعے ہماری جماعت کو جو مینڈیٹ دیا، اس کے مطابق اسمبلی کے پہلے ہی اجلاس میں جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی سے متعلق قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کروائی گئی۔ یہ قرارداد محض ایک سیاسی اقدام نہیں بلکہ عوامی جذبات، خواہشات اور جمہوری مینڈیٹ کی عکاس تھی۔صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہماری جدوجہد کسی وقتی سیاسی مصلحت یا حالات کے تابع نہیں ہے۔ ہم اپنے اصولوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں پر قائم ہیں اور ہم کسی دباو ¿، پروپیگنڈے یا سیاسی مخالفت کے باعث اپنے راستے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ مشکل حالات میں عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی اس ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہوگی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا مکمل ریاستی درجہ بحال کرنا بھی ہماری سیاسی جدوجہد کا ایک اہم حصہ ہے۔ ریاستی درجہ عوام کا آئینی حق ہے اور اس کی بحالی تک ہماری آواز بلند ہوتی رہے گی۔ ہماری منزل ایک ایسا جموں و کشمیر ہے جہاں عوام کو اپنے حقوق، عزتِ نفس، سیاسی اختیار اور جمہوری وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا پورا موقع میسر ہو۔ نیشنل کانفرنس اپنے عوام کے ساتھ کھڑی تھی، کھڑی ہے اور اپنے حقوق کی بحالی کی منزل تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔










