روایتی دربار مؤ : جموں میں آج سجے گا دربار ، تمام دفاتر کھلیں گے

روایتی دربار مؤ : جموں میں آج سجے گا دربار ، تمام دفاتر کھلیں گے

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سول سیکرٹریٹ میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا

سرینگر / این این بی // دربامؤ کی جموں منتقلی کے ساتھ ہی آج سیول سیکرٹریٹ جموں میں دفاتر کھلیں گے جس کے پیش نظر جمو ں شہر کو سجایا گیا ہے جبکہ سیکورٹی کے کڑے بندوبست بھی کئے گئے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں و کشمیر میں روایتی دربار مؤ کی واپسی کے تحت آج یعنی سوموار کو سرمائی دارالحکومت جموں میں سیول سیکرٹریٹ سمیت مختلف سرکاری دفاتر دوبارہ کھل جائیں گے۔ اس سلسلے میں سیول سیکرٹریٹ جموں میں انتظامی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جہاں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو ایک خصوصی تقریب کے دوران گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔دربار مؤ کی روایت کے تحت سرینگر میں قائم سول سیکرٹریٹ اور دیگر متعلقہ سرکاری دفاتر موسم سرما کے لیے جموں منتقل کیے جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں جموں میں سرکاری اور انتظامی سرگرمیوں میں تیزی آتی ہے۔ اس روایت کی بحالی کو خطے کے دونوں دارالحکومتوں کے درمیان انتظامی سرگرمیوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دربار مؤ کے پیش نظر جموں شہر میں گزشتہ کئی روز سے تیاریاں جاری تھیں۔ شہر کے مختلف علاقوں، اہم شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے، جبکہ سڑکوں پر رنگ و روغن کے علاوہ صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری کام بھی انجام دیے گئے ہیں تاکہ سرکاری دفاتر کی منتقلی کے موقع پر شہر کو خوبصورت اور بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔دربار مؤ کے آغاز اور سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ کی آمد کے پیش نظر جموں شہر میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں، سول سیکرٹریٹ کے اطراف اور حساس مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر بھی نگرانی کا سلسلہ سخت کیا گیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے دربار مؤ کے کامیاب اور پ ±رامن انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ سوموار سے سول سیکرٹریٹ جموں میں سرکاری کام کاج شروع ہونے کے ساتھ ہی مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اور ملازمین بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔