کلگام//وزیر برائے سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے گاؤں ناگنارڈ ، ڈی ایچ پورہ کلگام میں ایک عوامی رابطہ کیمپ کا انعقاد کیا تا کہ عوامی مسائل کا جائیزہ لیا جا سکے اور علاقے کی ترقیاتی ضروریات کا اندازہ لگایا جا سکے ۔ وزیر نے مختلف محکموں کے افسران کے ہمراہ عوامی اہمیت کے مسائل سُنے ۔ کمیونٹی کے وسیع حلقوں نے علاقے کے مطالبات اور فلاحی ضروریات کو اجاگر کیا ۔ سکینہ ایتو نے عوام سے بات چیت کے دوران علاقے کی ترقی کو یقینی بنانے میں اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ وزیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ علاقے کے تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار طریقے سے پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ دور دراز علاقوں تک سڑکوں کی رابطہ کاری بڑھائی جائے گی جبکہ صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں ایک ڈسپنسری کا قیام ، موجودہ مڈل اسکول کی اپ گریڈیشن اور علاقے میں موبائل نیٹ ورک کنیکٹیویٹی میں بہتری شامل ہیں ۔ وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ نشاندہی شدہ مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر وزیر نے مقامی باشندوں میں 106 سولر لائٹس تقسیم کیں ۔ اجلاس میں ایس ڈی ایم نور آباد ، سی ایم او کلگام ، سی ای او کلگام ، سی ایچ او کلگام ، تحصیلدار ڈی ایچ پورہ ، ایگزیکٹو انجینئر پی دبلہیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ڈی ایچ پورہ اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی ۔










