چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ میں افسران و اہلکاروں سے انٹی گریٹی پلیج لیا
سرینگر//چیف سیکرٹڑی مسٹڑ اتل ڈولو نے ویجی لینس آگاہی ہفتہ ،جو کہ 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک ’’ خوشحالی کیلئے دیانت‘‘ (Probity for Prosperity ) کے موضوع سے منایا جا رہا ہے ، کے ایک حصہ کے طور پر سول سیکرٹریٹ میں انتظامی سیکریٹریوں ، افسران اور اہلکاروں سے انٹی گریٹی پلیج لیا ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے افسران و اہلکاروں کی قیادت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر اپنے سرکاری فرائض کی ادائیگی میں اعلیٰ ترین معیارِ دیانت ، ایمانداری ، شفافیت اور پیشہ وارانہ اخلاقیات پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ اس عہد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت ، شہریوں اور نجی اداروں کی اجتماعی کوششوں سے بدعنوانی کا مقابلہ کرنا ضروری ہے جو ملک کی اقتصادی ، سماجی اور سیاسی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین سے یہ بھی کہا کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا رویہ دیانتداری ، جوابدہی اور عوامی خدمت کے اصولوں کی عکاسی کرے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ڈولو نے زور دیا کہ دیانت داری اور شفافیت عوامی انتظامیہ کا بنیادی ستون ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ جوابدہی کے طریقہ کار کو مضبوط بنائیں ، شفاف خدمت کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور عوامی شکایات بروقت نمٹانے کو ترجیح دیں ۔ اسی طرح کی حلف برداری کی تقریبات اورآگاہی کی سرگرمیاں پورے یو ٹی میں منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز ، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگز اور تعلیمی ادارے شامل ہیں ۔










