سری نگر//مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل نے کشمیر کے مشہور دستکاری شعبے سے وابستہ کاریگروں کی حوصلہ اَفزائی کے لئے اَپنے اہم ’ نیشنل ہینڈی کرافٹس ڈیولپمنٹ پروگرام ( این ایچ ڈِی پی)‘کے تحت 30.46 لاکھ روپے کی رقم جاری کی ہے۔یہ رقم روایتی دستکاریوں جیسے ہاتھ سے بُنے ہوئے قالین، سوزنی کڑھائی، پیپر ماشی اور اخروٹ کی لکڑی پر نقش و نگاری کے لئے بہتر ٹول کِٹس کی تقسیم اورکاریگروں کی مہارتوں کو نکھارنے کے لئے اِستعمال کی جائے گی۔ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر اِس پروگرام کے تحت ان اَقدامات کو عملی جامہ پہنانے والا اِدارہ ہوگا۔محکمہ کے ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں بتایا کہ ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈی کرافٹس )‘کے دفتر نے روایتی دستکاریوں کو فروغ دینے کے لئے بہتر ٹول کِٹس کی تقسیم اور ہنر پر مبنی تربیت فراہم کرنے سے متعلق محکمہ کی تجویز کو منظور کیاہے۔ اُنہوںنے مزید کہا، ’’کشمیر کے قالین اور سوزنی کڑھائی کے شعبوں کے لئے’’دوگورو ششیہ ہست شلپ پرشکشن پروگرام‘‘ منظور کئے گئے ہیں جن کے لئے مجموعی طور پر 15.01 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ دو ماہ پر محیط ان پروگراموں کا مقصد تجربہ کار ماہر کاریگروں (گورو) سے سیکھنے کے خواہشمند کاریگروں (ششیہ) تک روایتی ہنر کی منتقلی کو ممکن بنانا ہے تاکہ کشمیر کے دستکاری کے شاندار ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے اور اس کا تسلسل برقرار رہے۔‘‘ان پروگراموں کا مقصد نہ صرف موجودہ ہنر کو مزید بہتر بنانا ہے بلکہ ان دونوںشعبوں میں تربیت یافتہ کاریگروں کی ایک نئی کھیپ تیار کرنا بھی ہے جو مستقبل میں اس روایت کو آگے بڑھا سکے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تربیتی پروگراموں کو اِس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ان میں کاریگروں کے معاوضے، اجرت، ماہر کاریگروں کے اعزازیے، جگہ کے کرائے، تربیت سے متعلق ساز و سامان اور خام مال کے اخراجات کی تلافی بھی شامل ہے۔مزیدبرآں، ترجمان نے بتایا کہ صوبہ کشمیرکے کاریگروں کے لئے اخروٹ کی لکڑی پر نقش و نگاری، سوزنی کڑھائی اور پیپر ماشی کے شعبوں میں بہتر ٹول کِٹس کی تقسیم کے تین پروگرام منظور کئے گئے ہیں جن کے لئے کُل 15.45 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا، ’’اس اَقدام کے ذریعے کاریگروں کو بہتر آلات تک رَسائی حاصل ہوگی جس سے ان کی کام کرنے کی صلاحیت اور پیداوار میں اِضافہ ہوگا اور انہیں اَپنی مصنوعات کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘ان پروگراموں کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ کا مقصد خطے کے شاندار ثقافتی ورثے کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر میں ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم سیکٹر کی مسلسل ترقی اور فروغ کے لئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔










