کینبرا/ایجنسیز// آسٹریلیا میں آزاد رکنِ پارلیمنٹ ہیلن ہینز پر گاڑی سے مبینہ طور پر دانستہ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی ایک ٹانگ کاٹنی پڑ گئی۔65 سالہ ہیلن ہینز کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ہنگامی آپریشن کے بعد بھی ان کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ واقعہ پیر 19 اکتوبر کو ریاست وکٹوریہ کے شہر وانگارٹا میں ان کے انتخابی دفتر کے باہر پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق ہیلن ہینز اپنی گاڑی کے قریب موجود تھیں کہ ایک شخص نے اپنی گاڑی ان پر چڑھا دی۔ اطلاعات کے مطابق ملزم نے گاڑی پیچھے کرکے انہیں دوسری مرتبہ بھی ٹکر ماری۔موقع پر موجود شہریوں نے مداخلت کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور کو قابو کیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ کو گرفتار کرکے اس کے خلاف سنگین جسمانی نقصان پہنچانے، خطرناک ڈرائیونگ اور وفاقی عہدیدار کو نقصان پہنچانے سمیت الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔حکام واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، تاہم حملے کا حتمی مقصد تاحال واضح نہیں ہوسکا۔










