کابل//یواین آئی// افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں جمعرات کی علی الصبح ایک دردناک سڑک حادثے میں ایک مسافر بس اور مال بردار ٹرک کی آمنے سامنے کی ٹکر میں کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی اور 25 زخمی ہو گئے ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان عزیز احمد عزیزی کے مطابق، یہ حادثہ قندھار۔ہرات شاہراہ پر زہری ضلع کے حوضِ مدد علاقے میں مقامی وقت کے مطابق علی الصبح تقریباً 6:00 بجے ہوا۔ ایک تیز رفتار مسافر بس مخالف سمت سے آ رہے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس سے یہ بڑا حادثہ پیش آیا۔ ترجمان نے بتایا کہ مہلوکین میں تین خواتین اور تین بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اور بچاؤ ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ افغانستان کے پہاڑی علاقوں میں خستہ حال سڑکوں اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے سبب اکثر ایسے سڑک حادثات ہوتے رہتے ہیں۔










