تمام اہل شہریوں کو انتخابی فہرست میں شامل کرنا مقصد
سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر الیکشن محکمہ نے پورے یوٹی میں ووٹروں کے اندراج اور انتخابی ریکارڈ میں اصلاح کے لیے 10 اور 11 اکتوبر کو دو روزہ خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تمام پولنگ مراکز پر بوتھ لیول افسران صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک موجود رہیں گے اور اہل شہریوں کو ووٹر اندراج اور ریکارڈ میں تبدیلی کے سلسلے میں سہولت فراہم کریں گے۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر سنجیو ورما نے ڈسٹرکٹ الیکشن افسران، الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کے دوران اس مہم کا اعلان کیا۔الیکشن محکمہ کے مطابق اس مہم کا مقصد ایسے تمام اہل شہریوں کو انتخابی فہرست میں شامل کرنا ہے جو ابھی تک ووٹر کے طور پر رجسٹر نہیں ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ ووٹر اپنے نام، پتے یا دیگر تفصیلات میں ضروری اصلاح یا تبدیلی بھی کرا سکیں گے۔مہم کے دوران شہری ووٹر اندراج کے لیے فارم 6، نام حذف کرنے کے لیے فارم 7 جبکہ انتخابی تفصیلات میں اصلاح یا تبدیلی کے لیے فارم 8 جمع کرا سکتے ہیں۔ یہ فارم پولنگ مراکز پر براہ راست جمع کرانے کے علاوہ ووٹر ہیلپ لائن ایپ کے ذریعے آن لائن بھی جمع کیے جا سکیں گے۔چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی حکام کو ہدایت دی ہے کہ مہم کے بارے میں عوام میں وسیع پیمانے پر آگاہی پیدا کی جائے اور لوگوں کو ان کے قریبی پولنگ مراکز پر دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا جائے۔ بوتھ لیول افسران کو گھر گھر جا کر ایسے اہل افراد کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے جو ابھی تک ووٹر کے طور پر رجسٹر نہیں ہوئے۔مہم کے دوران نوجوانوں، پہلی مرتبہ ووٹ دینے والے افراد، خواتین، معذور افراد اور دیگر ضرورت مند شہریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔الیکشن محکمہ نے اہل شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قریبی پولنگ مرکز کا دورہ کرکے ووٹر اندراج یا اپنے انتخابی ریکارڈ میں ضروری اصلاح کرائیں۔ محکمہ کے مطابق مستقبل میں بھی ہر ہفتے کے اختتام پر ایسی خصوصی مہمات منعقد کی جائیں گی تاکہ ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت عوام کو مقامی سطح پر دستیاب ہو۔










