وزیر اعلیٰ نے امتحانات سے آگے مستقبل پر مبنی تعلیم پر زور دیا

وزیر اعلیٰ نے امتحانات سے آگے مستقبل پر مبنی تعلیم پر زور دیا

نئی دہلی میں اسکول لیڈر آف دی ائیر 2026 سمٹ اینڈ ایوارڈز سے خطاب کیا

نئی دہلی//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نےمستقبل پر مبنی تعلیمی نظام پر زوردیا جو بچوں کو امتحانات سے آگے زندگی کیلئے تیار کرے ، انہیں تنقیدی سوچ ، ڈیجیٹل خواندگی ، موافقت پذیری اور ذمہ داری کے مضبوط احساس سے لیس کرے ۔ وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نئی دہلی میں اسکول لیڈر آف دی ائیر 2026 سمٹ اینڈ ایوارڈز سے خطاب کر رہے تھے ، جس میں ممتاز ماہرین تعلیم ، اسکول پرنسپلز اور اداروں کے سربراہان نے شرکت کی تا کہ K-12 تعلیم میں عمدگی ، جدت اور قیادت کا جشن منایا جا سکے ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے قومی تعمیر میں اسکول رہنماؤں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرنسپلز اور ہیڈ ٹیچرز صرف اسکولوں کا انتظام نہیں کرتے بلکہ وہ سیکھنے کے ماحول ، اقدار ، خواہشات اور نوجوان ذہنوں کے مستیقبل کو تشکیل دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط قیادت محفوظ ، جامع ، جدید اور طالب علم مرکوز اداروں کی تعمیر کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کو ہر بچے کی جامع نشو و نما پر توجہ دینی چاہئیے جو محض تعلیمی کامیابی سے آگے بڑھ کر تخلیقی صلاحیت ، مواصلات ، تعاون ، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور ڈیجیٹل مہارت کو فروغ دے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو طلباء کو ابھرتے ہوئے چیلنجز کا اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ سامنا کرنے کیلئے تیار کرنا چاہئیے ۔ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے پیش کردہ مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان آلات کو ذمہ داری سے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنایا جا سکے ، تعلیم کو ذاتی نوعیت دی جا سکے اور اساتذہ کی مدد کی جا سکے جبکہ یہ یقینی بنایا جائے کہ ٹیکنالوجی تعلیم کے انسانی عنصر کی تکمیل کرے نہ کہ اس کی جگہ لے ۔ انہوں نے اساتذہ اور اسکولوں کے سربراہان کی مسلسل پیشہ وارانہ ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ جدید تدریسی طریقوں سے واقفیت ، بہترین طریقوں کا تبادلہ اور تعاون کے مواقع تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری ہیں ۔
مسٹر عمر عبداللہ نے تعلیمی ترقی کیلئے ایک جامع نقطہ نظر کی دعوت دی اور اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم دیہی ، دور دراز اور پسماندہ کمیونٹیز کے بچوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کے بچوں تک بھی پہنچنی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں ، اساتذہ ، اداروں ، والدین اور کمیونٹیز کو مل کر بچوں کی متنوع تعلیمی ، سماجی اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے تعلیمی اداروں کے درمیان بامعنی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا ، چاہے وہ بھارت کے اندر ہو یا بین الاقوامی سطح پر ، تا کہ جدت کو فروغ دیا جا سکے ، کامیاب ماڈلز کا تبادلہ ہو اور تعلیم کے معیار کو مزید مستحکم بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کئی تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا ۔ اس سمٹ میں کالنگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی کے اچیوت سامانتا ، ایسوسی ایشن آف انڈین پرنسپلز ( اے آئی پی ) کے ایگزیکٹو چئیر مین دلیپ شرما ، اے آئی پی کے سی ٹی او اور سٹی انوویٹس کے سی ای او کاشش جھمب اور میکمیلن ایجوکیشن انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر راجیش پساری، ہندوستانی اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے چانسلرز اور سینئر عہدیدار، آسٹریڈ کے عہدیدار ، اسکول کے بانی، ڈائریکٹرز ، پرنسپلز اور ملک بھر کے اسکولوں کے سربراہان سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ۔