نئی دہلی/ایجنسیز // ملک بھر میں28؍ستمبر سے بینک ملازمین کی مجوزہ 3 روزہ ملک گیر ہڑتال ہورہی ہے ۔ اس سے پہلے عام شہریوں کی سہولت کیلئے وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار27 ستمبر کو ملک کے تمام پبلک سیکٹر بینک اور ریجنل رورل بینک عام دنوں کی طرح کھلے رہیں گے۔ بینک ملازمین کی مشترکہ تنظیم یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز کے ذریعہ 28 سے 30 ستمبر تک 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ ویک اینڈ کی چھٹیوں اور آئندہ ہڑتال کی وجہ سے بینکنگ خدمات طویل عرصے تک ٹھپ نہ رہیں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اور ریزرو بینک آف انڈیا نے اتوار کو بینک کی شاخیں کھلی رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔واضح رہے کہ 26 اور 27 ستمبر کو ویک اینڈ کی چھٹیاں ہیں جس کے فوراً بعد 28 سے 30 ستمبر تک بینک یونینوں کی 3 روزہ مجوزہ ہڑتال ہے۔ اگر اتوار کو بھی بینک بند رہتے تو عام لوگوں کی بینکنگ خدمات مسلسل 5 دنوں تک متاثر ہو سکتی تھیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ بینک صارفین کی سہولت اس کی اولین ترجیح ہے۔ تنظیم یو ایف بی یو نے 28 ستمبر سے کام روک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اہم مطالبات میں ہفتے میں 5 دن کام کا نظام نافذ کرنا بنیادی مطالبہ ہے۔ تمام پنشنرز کی پنشن کی رقم میں بہتری اور اپ ڈیشن‘ پنشنرز کیلئے مہنگائی الاؤنس کا یکساں فارمولہ نافذ کرنا۔ نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کے تحت آنے والے ملازمین کو پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) اختیار کرنے کا آپشن دینا شامل ہیں۔ ستمبر میں کام کی اہمیت کے پیش نظرحکومت اور بینک انتظامیہ نے یونینوں سے ہڑتال ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔










