وزیر اعلیٰ ، وزراء اور قانون ساز ممبران صفائی کے عہد میں شامل ہوئے
سرینگر//جاری سوچھتا ہی سیوا ( ایس ایچ ایس ) 2026 مہم کے حصے کے طور پر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس سرینگر میں ایک خصوصی سوچھتا دستخط اور عہد مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں منتخب نمائندوں اور ایوان کے اراکین نے صفائی ، اجتماعی ذمہ داری اور پائیدار عوامی شرکت کے پیغام کی حمایت میں حصہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ وزراء ، قانون سازوں اور دیگر معززین کے ساتھ مہم میں شریک ہوئے اور دستخطی اقدام میں شامل ہو کر اس بات کی دوبارہ تصدیق کی کہ سوچھتا کو مشترکہ ذمہ داری اور روز مرہ زندگی کا لازمی حصہ بنایا جائے ۔ یہ اقدام قومی سطح پر چلائے جانے والے ایس ایچ ایس 2026 مہم کا حصہ ہے جو 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 تک ’’ صحت میں سہ بھاگ ، صاف بھارت ، ترقی یافتہ بھارت ‘‘ کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے ۔ اس مہم میں جن بھاگیہ داری ، صفائی کے اہداف والے یونٹس اور عوامی مقامات کی تبدیلی ، نوجوانوں کی شمولیت ، صفائی کارکنوں کی فلاح و بہبود ، ماخذ پر علیحدگی اور ویسٹ ٹو ویلتھ اقدامات پر زور دیا گیا ہے ۔ قانون ساز اسمبلی کے منتخب نمائندوں کی شرکت نے اس پیغام کو مضبوط کرنے کیلئے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا کہ صفائی ادارہ جاتی حدود سے بالاتر ہے اور اس کیلئے شہریوں ، کمیونٹیز اور عوامی نمائندوں کی مسلسل شمولیت ضروری ہے ۔ یہ مہم قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو بھی ترغیب دیتی ہے کہ وہ سوچھتا کا پیغام اپنے اپنے حلقوں تک پہنچائیں اور صفائی مہمات اور دیگر صفائی سے متعلق اقدامات میں کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دیں ۔ ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن، جموں و کشمیر محکمہ دیہی ترقی و پنچائتی راج جموں و کشمیر یو ٹی بھر میں ایس ایچ ایس 2026 مہم کا انعقاد کر رہا ہے جسے باضابطہ طور پر 17 ستمبر کو بلاک کھنموہ سرینگر میں شروع کیا گیا ۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا نے صفائی کو ایک محدود مدت کی مہم سے پائیدار عادت میں تبدیل کرنے کی اپیل کی اور اس بات پر زور دیا کہ سوچھتا کا کوئی متعین آغاز یا اختتام نہیں ہونا چاہئیے ۔ قانون ساز اسمبلی کی مہم نے اس پیغام کو مزید تقویت بخشی کیونکہ اس نے جن بھاگیداری ، اجتماعی عمل اور رویے میں تبدیلی کے اصولوں کو یو ٹی کے اعلیٰ ترین جمہوری فورم میں پیش کیا ۔










