سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوان و کھیل کود اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگز محکمہ جات ستیش شرما نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین نے جموں و کشمیر بھر میں فیئر پرائس شاپوں کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے۔وزیرموصوف حسنین مسعودی کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اُنہوں نے بتایا کہ فیئر پرائس شاپوں کے قیام کا معیارات ایس او 41 بتاریخ19؍ جنوری2023 میں وضع کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پانپور اسمبلی حلقے میں فی الحال کوئی بھی ایسا علاقہ نہیں ہے جہاں یہ سہولیت موجود نہ ہو۔ستیش شرما نے پانپور حلقے میں راشن کارڈوں اور مستفیدین کی زمرہ وار صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ اے اے وائی کے تحت 2,679 راشن کارڈز جو 10,163 اَفراد کا احاطہ کرتے ہیں، پی ایچ ایچ کے تحت 15,470 راشن کارڈز جو 67,157 اَفراد کا احاطہ کرتے ہیں اور این پی ایچ ایچ کے تحت 9,776 راشن کارڈز جو 40,457 اَفراد کا احاطہ کرتے ہیں، موجود ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ یونین ٹریٹری میں نئی فیئر پرائس شاپس کھولنے کی ضرورت کا جائزہ لے رہا ہے ۔ اس کے ساتھ موجودہ دکانوں کی فزیبلٹی، منسلک راشن کارڈز کی تعداد، جغرافیائی رسائی اور دُور دراز و قبائلی علاقوں میں مناسب کوریج کے حوالے سے معقولیت بھی دیکھی جا رہی ہے۔دریں اثنا، وزیر موصوف نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے چھتری سکیم ’سارتھک۔پی ڈِی ایس‘ شروع کی ہے جو بین ریاستی آواجاہی، ہینڈلنگ اور ایف پی ایس ڈیلرز کے مارجن کے ساتھ ساتھ سمارٹ۔پی ڈِی ایس کے تحت ٹیکنالوجی اِصلاحات کے لئے مدد کو یکجا کرتی ہے۔اُنہوںنے کہا کہ یہ سکیم آواجاہی، ہینڈلنگ اور یقینی ایف پی ایس ڈیلر آمدنی کے حوالے سے مرکزی امداد کے نظرثانی شدہ اصول فراہم کرتی ہے، جس سے فیئر پرائس شاپوں کی معاشی فزیبلٹی میں کافی بہتری آتی ہے۔ چنانچہ نئی ایف پی ایس کی تجاویز کا جائزہ یقینی آمدنی ماڈل کے تحت فزیبلٹی، زائد بوجھ والی دکانوں کی بھیڑ کم کرنے اور ٹیکنالوجی معیارات یعنی اِی۔ پی او ایس، الیکٹرانک ویٹنگ سکیل انضمام اور آدھار تصدیق کی تعمیل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔وزیر خورک ستیش شرما نے ایوان میں ایک قانون ساز کی جانب سے پوچھے گئے ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کم گنجان یا بکھری ہوئی آبادی والے علاقوں کے لئے معیار میں نرمی کے لئے ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہے۔










