سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت بجلی صارفین کے لئے ایمنسٹی سکیم کو دوبارہ شروع کرنے یا اس میں توسیع کرنے کے معاملے کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ بجلی کے واجبات میں بار بار رعایت ان صارفین کے ساتھ ناانصافی ہوگی جو وقت پر بِل اَدا کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ جن کے بجلی محکمہ کا قلمدان بھی ہے ،نے ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران رُکن اسمبلی وکرم رندھاوا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجلی صارفین کے لئے ایمنسٹی سکیم کو دوبارہ شروع کرنے یا اس میں توسیع کرنے کے معاملے کامحکمہ کی جانب سے میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس سوال میں سکیم کی مجوزہ توسیع سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ بار بار ایمنسٹی سکیمیں متعارف کرنے سے بِلوں کی بروقت اَدائیگی کے کلچر پر منفی اثر پڑ سکتا ہے، تاہم حکومت خطِ افلاس سے نیچے زندگی گزر بسر کرنے والے اَفراد اور دیگر پسماندہ صارفین کو اِنفرادی بنیادوں پر ریلیف دینے پر غور کر سکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا،’’بار بار ایمنسٹی دینا ان لوگوں کے ساتھ نااِنصافی ہے جو وقت پر بِل اَدا کرتے ہیں اور یہ صارفین کو بھی وقت پر بِل اَدا نہ کرنے اور ایمنسٹی کا اِنتظار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔‘‘تاہم، اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشرے کے غریب طبقات کے لئے ایمنسٹی پر غور کر سکتی ہے، ایسے معاملات کامیرٹ پر جائزہ لیا جائے گا۔










