Sakeena Itoo

حکومت نے کینسر کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کیلئے اپیکس کمیٹی تشکیل دِی اور جموںوکشمیر میں دو سٹیٹ کینسر اِنسٹی چیوٹ قائم کئے۔ وزیر صحت سکینہ اِیتو

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے کینسر کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے نمٹنے مربوط اور جامع ردِّعمل کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس بیماری کی روکتھام، سکریننگ اور علاج کے لئے رہنمائی فراہم کی جا سکے اور اقدامات وضع کئے جا سکیں۔ ڈائریکٹر سکمز کو اس مقصد کے لئے نوڈل آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔وزیر موصوفہ ایوان میں میر سیف اللہ کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوںنے کہا کہ مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی مالی و تکنیکی معاونت سے، غیر متعدی امراض کی روکتھام و کنٹرول کے قومی پروگرام (این پی۔این سی ڈِی) کے تحت جموں و کشمیر حکومت نے دو سٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹس ایک سکمز صورہ میں اور دوسرا گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میںقائم کئے ہیں۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ ادارے جامع اور خصوصی کینسر کیئر بشمول تشخیص، علاج اور دیگر متعلقہ آنکولوجی خدمات کو یقینی بنانے کے مقصد سے قائم کئے گئے ہیں تاکہ یونین ٹیریٹری میں کینسر کے علاج کی اہم ضروریات پورا کیا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ منظور شدہ معیارات اور وسائل کی دستیابی کے مطابق بنیادی ڈھانچے، آلات، اَفرادی قوت اور خصوصی علاج کی خدمات کے حوالے سے موجودہ سہولیات کو وقتاً فوقتاً مضبوط کیا جا رہا ہے۔وزیر صحت نے ایوان کو مطلع کیا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ قابلِ رسائی، سستی اور معیاری کینسر کیئر خدمات کو بالخصوص معاشی طور پر کمزور طبقوں کے لئے یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے ۔اُنہوں نے بتایا کہ’ آیوشمان بھارت‘ سکیم کے تحت، مقررہ اہلیت کے معیار، علاج کے پیکجز اور رہنما خطوط کے مطابق فہرست میں شامل سرکاری اور نجی طبی اداروں میں اہل کینسر مریضوں کو کیش لیس اورمفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے واضح کیا کہ ان فوائد میں منظور شدہ پیکجوں میں شامل مختلف تشخیص، علاج اور ہسپتال میں داخلے سے متعلق مختلف خدمات شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ غریب اور ضرورتمند کینسر مریضوں کو غریبوں کے لئے کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ مینجمنٹ فنڈ (سی ٹی ایم ایف پی) سکیم کے تحت مالی اِمداد فراہم کی جارہی ہے جس کا انحصار مقررہ اہلیت کے معیار، متعلقہ رہنما خطوط اور فنڈز کی دستیابی پر ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان اَقدامات کا مقصد اہل مریضوں کو بروقت مناسب کینسر علاج تک رسائی فراہم کرنا اور ان کے اہل خانہ پر مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔