جموں میں سیاحت کی ترقی کیلئے حکومت کا عزم ،نئے مقامات ، سرکٹس اور سال بھر تشہیر پر توجہ ۔ وزیراعلیٰ

جموں میں سیاحت کی ترقی کیلئے حکومت کا عزم ،نئے مقامات ، سرکٹس اور سال بھر تشہیر پر توجہ ۔ وزیراعلیٰ

کہا، صوبہ جموں کی سیاحتی بجٹ کی مختص کرنے کی رقم2023-24 میں 56.50کروڑ روپے سے بڑھ کر 2025-26 میں 62.85 کروڑ روپے ہوگئی اور پانچ پلگرمیج سرکٹس میں 29 منصوبوں پر کام جاری ہے

سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت نے صوبہ جموںمیں سیاحت کی ترقی، فروغ اور تنوع کے لئے ایک جامع اور کثیر الجہتی حکمت عملی اَپنائی ہے جس میں نئے اور اُبھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی اور جموں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سال بھر کے سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہے ،نے آج رُکن اسمبلی جموں ایسٹ یدھویر سیٹھی کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی جموں ڈویژن کی سیاحتی مصنوعات میں تنوع لانے کے لئے ترقیاتی اقدامات اور مسلسل تشہیری سرگرمیوں کا امتزاج ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت پلگرمیج، ثقافتی ورثہ، مہم جوئی، ماحولیاتی، دیہی، ثقافتی، تندرستی اور تفریحی سیاحت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ اِس کے علاوہ موجودہ اور اُبھرتے ہوئے مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سیاحوں کے لئے سہولیات کو بہتر بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔جن اہم مقامات پر ترقیاتی کام کئے گئے ہیں یا شروع کئے گئے ہیں ان میں سچیت گڈھ، شیو کھوڑی، سدھ مہادیو، پتنی ٹاپ، بسوہلی، بھدرواہ/گاتھا، مانسر، برادری، کیسری ہلز اور بہرہ قصاب شامل ہیں۔اِن اقدامات میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کی تخلیق و اَپ گریڈیشن، سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی، خوبصورتی میں اِضافہ، کنکٹویٹی سے متعلق کام اور ہر مقام کی مخصوص ضروریات کے مطابق سیاحتی اثاثوں کی ترقی شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نئے اور ابھرتے ہوئے مقامات کی ترقی پر بھی زور دے رہی ہے تاکہ قائم شدہ سیاحتی مراکز پر رش کم کیا جا سکے اور جموں ڈویژن بھر میں سیاحت سے متعلق معاشی سرگرمیوں کی وسیع تر تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے تشہیر کے حوالے سے کہا کہ محکمہ نے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر مسلسل تشہیراور پرومویشنل مہمات چلائی ہیں۔ اپریل 2025 ء سے مارچ 2026 ء کے دوران 110 تقریبات اور میلوںمیںشرکت یا سہولیت فراہم کی گئی جبکہ اپریل تا اگست 2026 ء کے دوران 43 تقریبات اور میلے منعقد کئے گئے۔ضلع واراور زُمرے کے لحاظ سے تشہیری مواد بھی تیار کیا گیا اور اسے ٹریول مارٹس، ایکسپوز، تہواروں، میلوں اور یاتراؤں کے ذریعے عام کیا گیا۔ تشہیر کے لئے فیس بک، اِنسٹاگرام اور ’ایکس‘ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کا اِستعمال کیا گیا اور ساتھ ہی سیاحتی شعبے سے شراکت داروںکے اِشتراک سے مہمات بھی چلائی گئیں۔محکمہ نے قومی سطح پر جی آئی ٹی بی جے پور، ٹی ٹی ایف احمد آباد، آئی اے ٹی او کنونشن پوری، آئی ٹی ایم جے پور، آئی آئی ٹی اِی مدورائی، ایس اے ٹی ٹی اِی ۔2026 نئی دہلی اور آئی ٹی ایم دہرادون سمیت بڑے سیاحتی تقریبات میں شرکت کی۔ بین الاقوامی شرکت میں آئی ایف ٹی ایم ٹاپ ریسا پیرس، ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن اور آئی ٹی بی سنگاپور شامل ہیں جس سے جموں و کشمیر کی سیاحتی مصنوعات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرنے کا موقعہ ملا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے جموں ڈویژن میں مخصوص پلگرمیج سرکٹس کی تعمیرو ترقی کا کام بھی شروع کیا ہے ۔کیپکس پلان 2020-21 کے تحت پانچ پلگرمیج سرکٹس منظور کئے گئے تھے اور ان پر کام جاری ہے۔ان میں مانسر سرکٹ (مرحلہ اوّل) جس کی پروجیکٹ لاگت 9.81 کروڑ روپے ہے، شیو کھوڑی سرکٹ 3.14 کروڑ روپے، اُتریہنی سرکٹ 8.50 کروڑ روپے، پُرمنڈل سرکٹ 9.82 کروڑ روپے اور سکرالا سرکٹ 3.92 کروڑ روپے کی لاگت سے ہیں ، شامل ہیں۔فی الحال ان سرکٹس کے تحت 29 کام فعال طور پر جاری ہیں جن کی منظور شدہ لاگت 5.14 کروڑ روپے ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان سرکٹس کی تکمیل سے مقامی معیشتوں کو تقویت ملنے اور مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ حکومت ہوم سٹے، ٹورسٹ گائیڈنگ اور دیگر سیاحتی خدمات میں مواقع کے ذریعے سیاحت میں مقامی شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے ایوان کومطلع کیا کہ جموں ڈویژن میں سیاحت سے متعلق ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے منظور شدہ بجٹ 2023-24 میں 56.50 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2024-25 میں 61.15 کروڑ روپے اور مزید 2025-26 میں 62.85 کروڑ روپے ہوگیا۔جموں ایسٹ حلقے کے لئے مختص رقم 2023-24 میں 2.12 کروڑ روپے، 2024-25 میں 2.28 کروڑ روپے اور 2025-26 میں 1.41 کروڑ روپے رہی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا نقطہ نظر جموں کی سیاحتی بنیاد کو وسیع کرنے، متنوع سیاحتی مصنوعات تیار کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ سیاحت کے فوائد پورے ڈویژن میں نئے سیاحتی مقامات اور مقامی کمیونٹیوں تک پہنچیں۔