اسمبلی نے کوآپریٹیو سوسائٹیز ترمیمی بِل 2026کومنظور کیا

جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کاخزاں سیشن۔2026

حکومت نے ٹی اِی ٹی سے استثنیٰ کیلئے قرار داد پیش کی

سری نگر//وزیر برائے سکولی تعلیم سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جس میں 31 اکتوبر 2019 سے قبل مقرر کئے گئے اساتذہ کو ٹیچر ایلیجی ابلٹی ٹیسٹ( ٹی اِی ٹی ) میں شرکت سے مستثنیٰ قرار دینے کے لئے حقِ تعلیم ایکٹ میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایوان میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے،’’یہ ایوان متفقہ طور پر مرکزی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ حقِ تعلیم (آر ٹی اِی) ایکٹ 2009 کی دفعہ 23 میں ضروری قانونی ترمیم کرے تاکہ 31؍ اکتوبر 2019 سے قبل مقرر کئے گئے تمام اَساتذہ کو ٹیچر ایلیجی بلٹی ٹیسٹ (ٹی اِی ٹی) میں شرکت سے مستثنیٰ قرار دیا جا سکے۔‘‘قرارداد میں مزید کہا گیا ہے،’’یہ ایوان مرکزی حکومت پر مزید زور دیتا ہے کہ وہ تمام ضروری قانونی اقدامات کرے اور نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن (این سی ٹی اِی) کے ذریعے ٹیچر ایلیجی بلٹی ٹیسٹ (ٹی اِی ٹی) سے استثنیٰ کے لئے مطلوبہ نوٹیفکیشن جاری کرے۔‘‘ قانون سازوں بلونت سنگھ منکوٹیہ، رنبیر سنگھ پٹھانیہ، وحید الرحمان پرہ اور خورشید احمد شیخ نے بحث میں حصہ لیا اور قرارداد کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔قرارداد پر بحث اسمبلی کے اگلے دن بھی جاری رہے گی۔