سری نگر//سینئر جوڈیشل آفیسر یش پال بورنی نے منگل کے روز ہائی کورٹ کی سری وِنگ میں چیف جسٹس کی عدالت میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں جموںو کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر حلف اُٹھالیا۔چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس ڈاکٹر جسٹس پشپندر سنگھ بھاٹی نے جسٹس یش پال بورنی کو عہدے کا حلف دِلایا۔رجسٹرار جنرل جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ایم کے شرما نے تقرری کا وارنٹ پڑھ کر سنایااور تقریب کی نظامت کے فرائض بھی اَنجام دِئیے۔اِس تقریب میں جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری، جسٹس محمد یوسف وانی اور جسٹس سنجے پریہار نے شرکت کی جبکہ جسٹس سنجیو کمار، جسٹس سندھو شرما، جسٹس سنجے دھر، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی اور جسٹس شہزاد عظیم ہائی کورٹ کی جموںو ِنگ سے بذریعہ ورچیول موڈ تقریب میں شرکت کی۔ اِس موقعہ پرجسٹس یش پال بورنی کے اہل خانہ، قریبی رشتہ دار اور دوست بھی موجود تھے جس سے تقریب کی اہمیت کو مزید تقویت ملی۔دیگر معزز مہمانوں میں سینٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل (سی اے ٹی) سری نگر بنچ کے جوڈیشل ممبر (ایچ او ڈِی) میر سیّد لطیف، ایڈیشنل چیف سکرٹری شالین کابرا، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، کمشنر سکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، صوبائی کمشنر کشمیر، آئی جی پی کشمیر، آئی جی پی سیکورٹی، سینئروکلأ، کشمیر ایڈووکیٹس ایسوسی ایشن اور جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے ایگزیکٹیو ممبران،لأ اَفسران، جوڈیشل اَفسران اور ہائی کورٹ رجسٹری کے افسران شامل تھے۔مرکزی وزارت قانون و اِنصاف نے 19 ؍ستمبر 2026 ء کو جسٹس یش پال بورنی کو جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کا جج مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔جسٹس یش پال بورنی 25 ؍اگست 1967 ء کو پیدا ہوئے اور اُن کا تعلق ضلع کٹھوعہ کے گاؤں دادوڑا، بھڈو، بلاورسے ہے۔اُنہو ںنے اَپنے جوڈیشل کیریئر کے دوران کئی اہم جوڈیشل اور اِنتظامی عہدوں پر خدمات اَنجام دیں۔ اُنہوں نے لیہہ، بارہمولہ، اودھمپور اور جموں میں پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے طور پر ذمہ داریاں بنھائیں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے سپیشل جج اینٹی کورپشن سری نگر اور سپیشل جج اینٹی کورپشن جموں کے طور پر بھی فرائض انجام دئیے۔جسٹس یش پال بورنی نے اہم اِدارہ جاتی عہدوں پر بھی خدمات سر انجام دیں جن میں ممبر سیکرٹری جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی ،رجسٹرار و یجی لنس جموںوکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ اور جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر شامل ہیں۔جسٹس بورنی کو پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جموںکے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد جے اینڈ کے سپیشل ٹریبونل جموں کے ممبر کے طور پر ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا۔ جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ترقی پانے سے عین قبل وہ اسی عہدے پر فائز تھے۔










