لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر کے ’ پلاش ‘ اور ’ پریشا‘ ہومز میں بچوں کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ منائی

لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر کے ’ پلاش ‘ اور ’ پریشا‘ ہومز میں بچوں کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ منائی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سری نگر کے ’پلاش‘ اور ’پریشا‘ چلڈرن ہومز میں زیر کفالت بچوں کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ منائی۔ اُنہوں نے بچوں میں سکول بیگ، سپورٹس کٹس اور مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے فراہم کردہ رہائشی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ بعد میں اُنہوں نے چلڈرن ہسپتال بمنہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے زیرعلاج بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی مکمل اور جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔یہ با ت قابلِ ذکر ہے کہ آج سے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز ہو رہا ہے جو 17 ؍اکتوبر تک بے لوث خدمت کے ایک ماہ طویل جشن کی صورت میں منایا جائے گا۔ یہ مہم وزیر اعظم کی 25سالہ عوامی خدمت کو اُجاگر کرتی ہے جس دوران ہندوستان ’’فریجائل فائیو‘‘ سے ترقی کرتے ہوئے دُنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہوا۔اگلے ایک ماہ کے دوران 12 پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں ’میرے سپنوں کا بھارت‘ کے موضوع پر سکولی مقابلے، آنگن واڑی اور آشا کارکنوں کو اعزاز سے نوازنا، شجرکاری، نوجوانوں کی سرگرمیاں اور’ سیوا سیتو ابھیان ‘کے تحت رجسٹریشن کیمپ شامل ہوں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’17 ؍اکتوبر تک بلاک اور وارڈ کی سطح پر ’سیوا سیتو ابھیان‘ چلایا جائے گا جس کے تحت 3 سے 4 دن کے کیمپ لگا کر پسماندہ اِستفادہ کنندگان کو سرکاری سکیموں میں رجسٹر کیا جائے گا۔ میںجموں وکشمیر کے ہر شہری سے پُر خلوص کرتا ہوں کہ وہ اس مہم میں پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے۔ وزیر اعظم نے 140 کروڑ ہم وطنوں کے لئے دِن رات کام کیاہے اور ایک نئے، مضبوط جموں و کشمیر کی تعمیر میں مدد کی ہے۔ مالی سال 2026-27 ء کی پہلی سہ ماہی کے لئے جی ڈِی پی کی شرح نمو 7.8 فیصد رہی ہے۔ اگر ہم فلاح و بہبود اور ترقی کے دیگر اِشاریوں پر نظر ڈالیں تو 25 کروڑ افراد خطِ افلاس سے اوپر آ چکے ہیں اور 80 کروڑ اَفراد ’’غریب کلیان اَن یوجنا ‘‘کے تحت مفت راشن حاصل کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے قومی شاہراہوں کی غیر معمولی ترقی کا بھی ذِکر کیاجو 91,000 کلومیٹر سے بڑھ کر 146,000 کلومیٹر ہو چکی ہیں اور ہوائی اَڈوں کی تعداد 74 سے بڑھ کر 165 تک پہنچ ہو گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا، ’’کشمیر اَب براہِ راست ریل نیٹ ورک سے جڑ چکا ہے۔ امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا گیا ہے اور یونین ٹیریٹری ایک تاریخی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ جہاں تک ملک بھر میں فلاحی سکیموں کا تعلق ہے، 11 کروڑ بیت الخلأ ، 10 کروڑ سے زائد گیس کنکشن اور 4 کروڑ ’پردھان منتری آواس یوجنا‘کے مکانات فراہم کئے جا چکے ہیںجبکہ مزید 3 کروڑ مکانات زیرتعمیر ہیں۔ وزیر اعظم کی رہنمائی میں جموں و کشمیر خوشحالی کی ایک بے مثال مثال بن کر اُبھرے گا۔ میں جموں و کشمیر کے تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس سیوا مہم میں اَپنا بھرپور کردار اَدا کریں۔‘‘