سینئر کمانڈرز بھاگ گئے: امریکی فوجیوں کے اپنے جنرلز پر سنگین الزامات

واشنگٹن/ایجنسیز//کویت پر ایرانی حملے میں بچ جانے والے امریکی فوجیوں کے اپنے جنرلز پر سنگین الزامات عائد کردیے۔ حملے کے بعد سینئر کمانڈرز امدادی کارروائیوں کے بجائے عمارت چھوڑ کر بھاگ گئے، زخمیوں کے طبی انخلا کا بھی موثر انداز میں انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کویت میں ایرانی حملے میں بچ جانے والے امریکی فوجیوں نے بتایا کہ اعلیٰ فوجی قیادت کو پتہ تھا کہ کویت میں امریکی اڈا غیر محفوظ ہے، امریکی فوجی قیادت نے وارننگز کو بار بار نظر انداز کیا، مناسب دفاعی نظام کے بغیر ایک غیر محفوظ مقام پر فوج تعینات کی گئی۔ رپورٹ میں ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ حملے کے بعد سینئر کمانڈرز امدادی کارروائیوں کے بجائے عمارت چھوڑ کر بھاگ گئے، زخمیوں کے طبی انخلا کا بھی موثر انداز میں انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یکم مارچ کو کویت پر ایرانی حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے، واقعہ سے متعلق داخلی تحقیقات میں کسی فرد کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا، پنٹگاو میں کسی کیخلاف تادیبی کارروائی کی سفارش بھی نہیں کی گئی۔ جس پر فوجیوں کے لواحقین نے پینٹاگون کے رویے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔