اسپین کا غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی بنانے کا منصوبہ

اسپین کا غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی بنانے کا منصوبہ

میڈرڈ/یو این آئی// اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہیکہ ملک میں بڑے پیمانے پر قانونی حیثیت دینے کی حکومتی اسکیم کے تحت 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ بھر میں غیر قانونی ہجرت کے خلاف سخت اقدامات کے برعکس اسپین کی اس اسکیم کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا عمل جاری ہے۔حکومت کے مطابق منگل کو درخواستیں جمع کرانیکا آخری دن تھا اور اس پورے عمل کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔ رپورٹ کے مطابق جب پیدرو سانچیز کی بائیں بازو کی حکومت نے اپریل میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا تو اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس سے تقریباً 5 لاکھ افراد، جن میں زیادہ تر لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں، فائدہ اٹھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جب ہم کسی انسان کو گمنامی اور شناخت کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور کرتے ہیں تو درحقیقت ہم اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس کا نقصان ہم سب کو ہوتا ہے، حکومت کا مقصد تارکین وطن کو ایک موقع اور بہتر مستقبل فراہم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اسپین کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھے جو انسانی حقوق کا احترام کرتا ہے، ان کا تحفظ کرتا ہے اور انہیں برقرار رکھتا ہے۔