سری نگر//کمشنر سیکر ٹری اَمورِ نوجوان وکھیل کود ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے ٹی آر سی فٹ بال گراؤنڈ سری نگر میں جموں و کشمیر کی انڈر20فٹ بال ٹیم کو سوامی وویکانند انڈر20 نیشنل فٹ بال چمپئن شپ میں شرکت کے لیے ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے سینئر اَفسران، کوچز، کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین نے شرکت کی۔ڈاکٹر شاہد اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیم کو مبارک باد دِی اورچمپئن شپ کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، لگن اور کھیل کے جذبے کے ساتھ جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں اور قومی سطح پریونین ٹیریٹری کا نام روشن کریں۔جموں و کشمیر ٹیم کی اس چمپئن شپ میں شرکت خطے میں فٹ بال کے لئے ایک اہم کامیابی ہے کیوں کہ اِبتدائی طور پر یونین ٹیریٹری میں منتخب فٹبال باڈی کی عدم موجودگی کے باعث اِنتظامی مسائل کی وجہ سے ٹیم کو سرکاری فکسچر سے خارج کر دیا گیا تھا۔یہ مسئلہ ڈاکٹر شاہد اِقبال کی مسلسل کوششوں اور مداخلت سے حل ہوا جنہوں نے اس معاملے کو مرکزی وزارتِ امورِ نوجوان و کھیل کود کے ساتھ سرگرمی سے اُٹھایا اور اِس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے باصلاحیت فٹ بالرز کو جموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں تاخیر کی وجہ سے نقصان نہیں اُٹھانا چاہیے۔اِس معاملے پر سری نگر میں حال ہی میں منعقد ہونے والے چنتن شیویر میں بھی غور کیا گیاجہاں ڈاکٹر شاہد اَقبال چودھری نے قومی مقابلوں میں جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں کی بلا تعطل شرکت کی ضرورت پر زور دیا اور یونین ٹیریٹری میںفٹ بال لیگز، نچلی سطح کے اَقدامات اور کھیلوں کے ترقیاتی پروگراموں کو مضبوط بنانے کی اہمیت اُجاگر کی۔کمشنر سیکرٹری موصوف نے آل اَنڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) پر زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق محدود مدت میں جموں و کشمیر فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد کرے اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی جانب سے مکمل تعاون اور سپورٹ کا یقین دِلایا۔سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گُل نے بھی جموں و کشمیر میں فٹ بال کے فروغ اور ترقی کے لئے سپورٹس کونسل کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف قومی پلیٹ فارموںپر یونین ٹیریٹری کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوںکو سپورٹ جاری رکھنے کا یقین دِلایا۔اَنڈر20 سکارڈ کا انتخاب جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں منعقدہ شفاف اور میرٹ پر مبنی ٹرائلز کے عمل کے ذریعے کیا گیاہے جبکہ کھلاڑیوں کے لئے 9؍ اپریل 2026ء سے ریذیڈنشل کوچنگ کیمپ بھی جاری تھا۔ٹیم اَب نئے اعتماد اور جوش و جذبے کے ساتھ چمپئن شپ کے لئے روانہ ہو رہی ہے تاکہ جموں و کشمیر کی فٹ بالنگ کی صلاحیتوں کو قومی سطح پر ظاہر کر سکے۔










