بیجنگ /ایجنسیز// چین کی وزارت خارجہ نے ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کو ’خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا ہے۔یہ ناکہ بندی پاکستان میں ہونے والے امریکہ ایران امن مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے ایک دن بعد پیر کو نافذ ہوئی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گئو جیاکون نے خبردار کیا کہ یہ ناکہ بندی کشیدگی کو مزید بڑھائے گی اور جنگ بندی کے معاہدے کو نقصان پہنچائے گی۔ایک پریس کانفرنس میں جیاکون نے کہا کہ یہ خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ جیاکون نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا کہ چین ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ خبریں سامنے آنے کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر چین نے تہران کو فوجی معاونت فراہم کی تو چین کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔جیاکون نے کہا: ’اگر امریکہ اس بہانے چین پر اضافی محصولات عائد کرنے پر اصرار کرتا ہے تو چین ضرور سخت جوابی اقدامات کرے گا۔










