جموں و کشمیر کو رانجی ٹرافی کا تاج ملا

جموں و کشمیر کو رانجی ٹرافی کا تاج ملا

وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کیلئے 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا

ہبلی ( کرناٹک )//جموں و کشمیر کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ایسا لمحہ جو ہمیشہ یاد رہے گا ، جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم نے اپنی پہلی رانجی ٹرافی کا ٹائٹل جیت لیا جس پر وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کیلئے 2 کروڑ روپے کا نقد انعام کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے اس فتح کو جموں و کشمیر کی کرکٹ کیلئے ایک تاریخی باب قرار دیا اور کہا کہ یہ فتح پورے خطے میں جشن کا سبب بنی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کی نئی نسل کیلئے ایک نئی تحریک پیدا کی ہے ۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے ارکان نئی نوٹیفائیڈ پالیسی کے تحت غیر معمولی ایتھلیٹس کیلئے سرکاری تقرریوں کے اہل ہوں گے ۔ آٹھ بار کے چیمپئن کرناٹک کے خلاف ان کی ہوم گراؤنڈ پر مقابلہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر نے جرات اور سکون کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں 291 رنز کی برتری کی بنیاد پر ٹرافی حاصل کی۔ ٹیم نے دوسری اننگز میں 342/4 کا سکور بنا کر مجموعی برتری کو 633 رنز تک بڑھا دیا جو پانچویں اور آخری دن کے اختتام پر تھا ، یہ میچ کے ایس سی اے راج نگر اسٹیڈیم ہبلی میں کھیلا گیا ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو اس تاریخی موقع کا مشاہدہ کرنے کیلئے اسٹئیڈیم میں موجود تھے ، میچ کے بعد کھلاڑیوں سے ملے اور انہیں ذاتی طور پر مبارکباد دی ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے ذڈی بل تنویر صادق اور جے کے سی اے کے ارکان نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ شرکت کی ۔