شمالی کمان کے سربراہ کا وادی میں سکیورٹی فریم ورک کا جائزہ

لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما کی آپریشنل تیاریوں اور لاجسٹک نظام پرتفصیلی بریفنگ

سرینگر//یو این ایس// فوج کے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے کشمیر وادی میں تعینات افواج کی سکیورٹی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔ فوجی ترجمان کے مطابق دورے کے دوران شمالی اور جنوبی کشمیر میں سکیورٹی صورتحال اور مجموعی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔یو این ایس کے مطابق فوج کے شمالی کمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آرمی کمانڈر نے تعینات دستوں کی آپریشنل تیاری، مربوط انٹیلی جنس گرڈ، اپ ڈیٹ شدہ آپریشنل پرروٹوکولز اور مشترکہ ردعمل کے بہتر نظام کا جائزہ لیا، جو پیچیدہ سکیورٹی ماحول میں مستعدی برقرار رکھنے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل شرما نے کشمیر میں ایک اسٹریٹجک لاجسٹکس یونٹ کا بھی دورہ کیا اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں کا معائنہ کیا۔ بیان کے مطابق انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محفوظ اور مضبوط لاجسٹک چین فیصلہ کن عسکری صلاحیت کی بنیاد ہوتی ہے۔آرمی کمانڈر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، ثابت قدمی اور آپریشنل معیار کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ اور مستقبل کی جنگی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تکنیکی طور پر مضبوط ڈھانچہ ناگزیر ہے۔ فوج کے مطابق انہوں نے یونٹ کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کی جنگی حکمت عملی کے تقاضوں سے ہم آہنگ تیاریوں کو اہم قرار دیا۔فوجی ذرائع کے مطابق حالیہ جائزہ سکیورٹی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو مؤثر بنانے اور مشترکہ آپریشنل میکانزم کو فعال رکھنے کے وسیع تر عمل کا حصہ ہے، تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے قبل گزشتہ روز شمالی فوجی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پارتک شرمانے جموں و کشمیر میں سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔فوجی حکام کے مطابق یہ جائزہ ضلع ادھمپورمیں منعقدہ ہفتہ وار جوائنٹ کنٹرول سینٹرز اجلاس کے دوران لیا گیا، جس کی صدارت فوجی کمانڈر نے ورچوئل طریقے سے کی۔ اس حوالے سے شمالی کمان کے ہیڈکواٹرکے ہیڈکوارٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری فراہم کی۔یو این ایس کے مطابق اجلاس میں سینئر فوجی افسران کے علاوہ پولیس، سی آر پی ایف) اور سری نگر و جموں ڈویڑن سے وابستہ دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بیان کے مطابق اجلاس میں خفیہ اطلاعات کے مو ثر تبادلے، مشترکہ آپریشنل تیاری میں اضافہ، مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے اور انسدادِ دہشت گردی فریم ورک کو مضبوط کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ جائزہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سکیورٹی آپریشنز جاری ہیں اور ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے پیش نظر سکیورٹی نظام کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔کور کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پالن والا اور راجوری کے اگلے علاقوں میں جی او سی وائٹ نائٹ کور نے جی او سی کراسڈ سورڈز ڈویڑن اور جی او سی رومیو فورس کے ہمراہ ایل او سی اور انسدادِ دہشت گردی گرڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔بیان میں کہا گیا کہ دشوار گزار اور سخت موسمی حالات کے باوجود فوجی جوان ہر وقت مستعد، چوکنا اور جنگی تیاری کی حالت میں ہیں۔ فوج نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا: “ہم خدمت کرتے ہیں، ہم حفاظت کرتے ہیں۔قبل ازیں جمعرات کو بھی جی او سی نے ضلع راجوری میں ایل او سی کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا تھا اور جوانوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھیں۔فوجی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے نوشہرہ سیکٹر میں تعینات جوانوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں اعلیٰ سطح کی تیاری، سخت تربیتی نظام اور نگرانی، درست ہدف بندی اور جنگی صلاحیت میں بہتری کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا گیا۔