جموں//وزیر برائے دیہی ترقی جاوید احمد ڈار نے ایوان کو بتایا کہ ضلع ریاسی میں اس وقت کل 14 سیاحتی اثاثے محکمہ سیاحت کے زیر انتظام ہیں۔وزیر موصوف نے یہ بات آج قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے رُکن اسمبلی بلدیو راج شرما کے سوال کاجواب دیتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے کہا کہ ان 14 اثاثوں میں سے صرف ایک اثاثہ سیاحتی کیفے ٹیریا بھمبلہ (ٹی آر سی بھمبلہ) فی الحال غیر فعال ہے کیوں کہ اس اثاثے کو فعال کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔وزیر نے بتایا کہ اس وقت کی موجودہ حالت کی وجہ سے اس اثاثے کو پیداواری استعمال کے لئے نہیں لایا جا سکتا جب تک کہ ضروری مرمت نہ کی جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس اثاثے کے غیر فعال ہونے کا ذمہ دار کوئی خاص اتھارٹی یا اہلکار نہیں ہے کیوں کہ اس کا استعمال نہ ہونا صرف اس کی تزئین و آرائش کی ضرورت کی وجہ سے ہے۔اُنہوں نے اس بات کی یقین دہانی کی کہ ٹورسٹ کیفے بھمبلہ کی تزئین و مرمت آئندہ مالی برس میں اجازت ملنے کی صورت میں کی جائے گی۔وزیر موصوف نے رُکن اسمبلی بلدیو راج شرما کی طرف سے اٹھائے گئے ضمنی سوال کے جواب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع ریاسی میں دیگر 13 سیاحتی اثاثے اچھی حالت میں ہیں اور عوامی مقاصد کے لئے اِستعمال ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ان اثاثوں کی دیکھ ریکھ کے لئے پُر عزم ہے تاکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ اور عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوںنے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور ضلع بھر میں تمام اثاثوں کا بہترین استعمال یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔










