نائب وزیر اعلیٰ نے کالا کوٹ میں روڈ اپ گریڈیشن کیلئے سنگِ بنیاد رکھا

نائب وزیر اعلیٰ نے کالا کوٹ میں روڈ اپ گریڈیشن کیلئے سنگِ بنیاد رکھا

راجوری//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چوہدری نے مین روڈ کوٹے کبوبریوی سے زیارت بریوی باجی دربار کالا کوٹ تک روڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے سنگِ بنیاد رکھا ۔ یہ تقریب ایم ایل اے کالا کوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ کی موجودگی میں منعقد ہوئی ، جن کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے افسران اور مقامی باشندے بھی تھے ۔ اپ گریڈیشن کا کام پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈبلیو ڈی ) کے ذریعے انجام دیا جائے گا اور اس کا مقصد علاقے کے لوگوں کیلئے سڑک کی رابطہ کاری کو بہتر بنانا اور محفوظ ، ہموار نقل و حمل کو یقینی بنانا ہے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے مقامی عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ یو ٹی کی حکومت دور دراز اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ بہتر سڑکیں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، مذہبی مقامات تک رسائی آسان بنانے اور مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ مقامی لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں ۔