پونچھ//عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے پونچھ ضلع میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیتے ہوئے مینڈھر میں 50 ایم وِی اے، 132/33 کے وِی گرڈ سٹیشن کی تعمیر کی منظوری دی ہے جو اس سٹریٹجک طور پر اہم سرحدی علاقے کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔جاویدرانا نے مینڈھر کے لوگوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے اس منصوبے کو تاریخی، دُور اندیش اور عوام دوست قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ مینڈھر کے لوگ اس اِنقلابی اَقدام پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے جو خطے میں بجلی کے منظرنامے کو بنیادی طور پر بدل دے گا۔گرڈ سٹیشن جس پر 49 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آئے گی ، سے مینڈھر میں بجلی کی ترسیلی نیٹ ورک کونمایاں طورپر مضبوط کیا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ بہتر وولٹیج ریگولیشن ، ترسیلی نقصانات کو کم کرنے اور ایک مستحکم و بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی کو یقینی بنائے گا جس سے بار بار خرابیوں اور طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔یہ منصوبہ سرحدی پٹی میں مجموعی سماجی و معاشی ترقی کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مقامی آبادی کو وسیع پیمانے پر راحت فراہم کرے گا۔وزیرموصوف نے کہا، ’’50 ایم وِی اے گرڈ سٹیشن کی منظوری بالخصوص سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں عمر عبداللہ حکومت کے منصفانہ اور جامع ترقی کے پختہ عزم کی عکاس ہے ۔ یہ منصوبہ لوگوںکے معیارِ زِندگی کو بہتر بنائے گا اور مینڈھر میں ہمہ جہت ترقی کے لئے محرک ثابت ہوگا۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مالی برس 2025-26 کے دوران اِبتدائی تعمیراتی مرحلے میں بروقت پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے 3.43 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔










