سرینگر/یو این ایس / ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ لائف سرٹیفکیٹ کی تاخیر کے باعث رکھی گئی پنشن فوری طور پر ادا کرے۔ایجیک کے صدرفیاض احمد شبنم نے کہا کہ کئی پنشنروں کی ماہانہ ادائیگیاں سرٹیفکیٹ کی غیر تسلیم شدگی کی وجہ سے نہیں ہو رہی، جس سے بزرگ شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شبنم نے اس صورتحال کوناانصافی اور انسانی ہمدردی کے فقدان کے مترادف قرار دیا۔انہوں نے چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور انسانیت کے پیش نظر پنشن کی ادائیگی یقینی بنائیں۔فیاض شبنم نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے ماحول میں بروقت پنشن کی عدم ادائیگی بزرگ شہریوں کو بے بس اور غیر محفوظ کر دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس حساس مسئلے کو سنجیدگی اور ہمدردی کے ساتھ حل کرے گی اور فوری کارروائی سے جموں و کشمیر کے پنشنرز کو ریلیف حاصل ہوگا۔










