شہر ودیہات کے سرکاری ونجی اسکولوںمیں جشن آزادی تقریبات
سری نگر//ملک کے 76ویں یوم آزادی کی مناسب سے وزیراعظم مودی کی اعلان کردہ ’ہر گھر ترنگامہم ‘کے تحت جموں وکشمیر کے اطراف واکناف میں جش آزادی سے متعلق تقریبات،مختلف نوعیت وطرزکی ریلیوں ،جلوسوں ،سمیناروں اورمباحثوں ومقابلوں کاسلسلہ جاری ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق 15اگست کومنائے گئے 76ویں یوم آزادی کے موقعہ پر جہاں جموں وکشمیر کے سبھی بیس اضلاع میں سرکاری سطح کی تقریبات کااہتمام کیا گیا،وہیں سرکاری اورپرائیویٹ اسکولوں میں بھی جشن آزادی منایاگیا۔دستیاب تفصیلات کے مطابق سری نگر سمیت کشمیر وادی کے سبھی دس اضلاع میں واقع سرکاری اورنجی اسکولوںمیں 15اگست کی صبح جشن آزادی تقریبات کااہتمام کیا گیا،جہاں اسکولوںکے سربراہان نے قومی پرچم ترنگا لہرایا،وہیں اسکولی بچوں اوربچیوںنے قومی گانا ‘جنا گنا منا‘ پورے جوش وجذبے کیساتھ گایا جبکہ کئی اسکولوںمیں اس قومی دن کے موقعہ پر قومی نغمے بھی گائے گئے ،سارے جہاں سے اچھاہندوستان ہمار ا ،کی گونج دن بھر سنائی دی ۔سری نگر کے کئی بڑے نجی اسکولوں میں یوم آزادی کے موقعہ پر خصوصی تقریبات کااہتمام کیاگیا جس دوران طلباء وطالبات نے مختلف اندازمیں حب الوطنی کے جذبے کااظہار کیا۔وادی کے دوسرے اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شمالی وجناب بشمول وسطی کشمیر کے سبھی اضلاع میں واقع تعلیمی اداروںبشمول پرائمری تاہائراسکنڈری اسکولوںمیں یوم آزادی تقریبات منعقد ہوئیں ،جن میں اسکولی طلبہ اورعملہ نے شرکت کرکے ملک کے تئیں اپنے جذبے کااظہار کیا۔کئی اسکولوںمیں سربراہان اور اساتذہ کے علاوہ طلباء و طالبات نے 15اگست کے پس منظر پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ملک اُن ہزاروں لاکھوں شہداء کوکبھی بھول نہیں سکتا ،جنہوںنے وطن عزیزکی آزادی کیلئے اپنی جانوںکی قربانیاں پیش کیں۔ادھرکشمیر یونیورسٹی میں بھی یوم آزادی منایاگیا۔یونیورسٹی پی آرائو نے ایک بیان میں کہاکہ ڈین اکیڈمک افیئرز، ڈین کالج ڈویلپمنٹ کونسل، ڈین ریسرچ، رجسٹرار، فیکلٹیز کے ڈین، کنٹرولر آف ایگزامینیشنز، شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز، مختلف مراکز/انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرز، کوآرڈینیٹرز، یونیورسٹی کے افسران اور غیر تدریسی عملے کے ارکان نے جوش و خروش کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی ۔پرچم کشائی کے دوران قومی ترانہ بھی گایا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے آزادی کا امرت مہوتسو کے حوالے سے یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی تقریبات پر روشنی ڈالی جس میں طلباء ، فیکلٹی ممبران اور عملہ کی زبردست شرکت دیکھنے میں آئی۔انہوں نے کہا کہ آزادی کا 75واں سال پورے ملک میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور کشمیر یونیورسٹی نے گزشتہ 15 دنوں میں تقریبات میں شامل ہو کر خصوصی غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔کشمیر یونیورسٹی کے جنوبی کیمپس، اننت ناگ، اور نارتھ کیمپس، بارہمولہ میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں فیکلٹی اور عملے نے آزادی کا امرت مہوتسو جوش و خروش سے منانے کے لیے شرکت کی۔ تقاریب کی قیادت دونوں کیمپسز کے متعلقہ ڈائریکٹرز نے کی۔ یونیورسٹی ماڈل ہائی سکول میں بھی قومی پرچم لہرایا گیا۔ اسکول کے پرنسپل کی قیادت میں، طلباء اور اساتذہ نے آزادی کے75 ویں سال کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔










