گورنمنٹ پولی تکنیک کالج بانڈی پورہ میں عالمی یوم سیاحت کی تقریب میں شرکت
بانڈی پورہ//گورنمنٹ پولی تکنیک کالج بانڈی پورہ نے نوجوانوں کو سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے عالمی یوم سیاحت کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سدرشن کمار، اے ڈی سی بانڈی پورہ وسیم راجا، پرنسپل گورنمنٹ ڈگر ی کالج بانڈی پورہ سید ولایت رِضوی ، پرنسپل پولی تکنیک کالج بانڈی پورہ ، ضلع اِنتظامیہ کے اَفسران اور طلباء نے شرکت کی ۔پرنسپل پولی تکنیک کالج بانڈی پورہ حکم جاوید احمد نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں کہا کہ اِس دِن کو منانے کا مقصد طلباء کی حوصلہ اَفزائی کرنا ہے کہ وہ مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اَپنی شخصیت کو پروان چڑھانے کے لئے اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اِنسٹی چیوٹ نے مختلف سنگ میل حاصل کئے ہیں کیوں کہ بانڈی پورہ پولی تکنیک کالج کے میکنیکل اِنجینئرنگ کے طلباء نے فائنل سمسٹر اِمتحانات کے حال ہی میں اعلان کردہ نتائج میں جموںوکشمیر یوٹی میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔اُنہوں نے چیئر کو بتایا کہ اِنسٹی چیوٹ کی پانچ اہل لڑکیوں کو پرگتی اور سکشم سکیم کے تحت پچاس ہزار روپے کی سکالر شپ اور زائد اَز 60طالبات کو رواں برس مختلف شعبہ جات کی مختلف سکیموں کے تحت سالانہ سکالر شپ ملی ہے۔تقریب میں طلباء کی کثیر لسانی ثقافتی پرفارمنس کا مشاہدہ کیا گیا۔اِس موقعہ پر مختلف طلباء نے بھی عالمی یوم سیاحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دیگر مقررین نے بھی ضلع بانڈی پورہ کی سیاحتی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ میں سرحدی اور مہم جو سیاحت کے ساتھ ساتھ دُنیا بھر کے مہم جوئوںکو راغب کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زو ردیا کہ وہ سیاحتی شعبے میں مواقع پر توجہ دیں اور وہاں سرمایہ کاری کریں کیوں کہ سیاحت معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نوجوانوں کے ہاتھ تھامنے کے لئے پُر عزم ہے اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف یوتھ اورینٹیڈ سکیموں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے آگے آئیں۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے پرنسپل پولی تکنیک کالج سے کہاکہ وہ پولی تکنیک کالج میں صد فیصد داخلہ یقینی بنائیں۔اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو پولی تکنیک کالج کی اپروچ روڈ کو میکڈمائز کرنے کی بھی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے مختلف کورسوں او رٹریڈس کے قابل فارغ التحصیل اَفراد میں اَسناد بھی تقسیم کیں۔










