75000 اُمیدواروں کو تقرری کے آرڈردئیے جائیں گے:پی ایم ائودفتر
سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی 22 اکتوبر کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 10 لاکھ لوگوں کو بھرتی کرنے کیلئے’’روزگار میلہ‘‘کا آغاز کریں گے اور تقریب کے دوران 75000 اُمیدواروں کو تقرری کے آرڈردئیے جائیں گے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق جمعرات کووزیراعظم دفتر نے نئی دہلی میں کہاکہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے وزیر اعظم کے مسلسل عزم کو پورا کرنے کی طرف یہ ایک اہم قدم ہوگا۔وزیر اعظم کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی ہدایات کے مطابق، تمام وزارتیں اور محکمے منظور شدہ اسامیوں کے خلاف موجودہ خالی اسامیوں کو ’مشن موڈ‘‘میں پْر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے بھرتی افراد حکومت ہند کی38 وزارتوں یا محکموں میں شامل ہوں گے۔ یہ تعیناتی گروپ اے اور بی (گزیٹیڈ)، گروپ بی (نان گزیٹیڈ) اور گروپ سی میں مختلف سطحوں پر حکومت میں شامل ہوں گے۔ جن اسامیوں پر تقرریاں کی جا رہی ہیں ان میں مرکزی مسلح فورس کے اہلکار، سب انسپکٹر، کانسٹیبل، ایل ڈی سی، سٹینو، پی اے، انکم ٹیکس انسپکٹرز اور ایم ٹی ایس سمیت دیگر شامل ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر کے بیان میں مزید کہا گیاکہ یہ بھرتیاں وزارتوں اور محکموں کی طرف سے یا تو خود یا بھرتی کرنے والی ایجنسیوں جیسےUPSC، SSC اور ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ پی ایم او نے کہا کہ تیز رفتار بھرتی کے لیے، انتخاب کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے اور اسے ٹیکنالوجی کے قابل بنایا گیا ہے۔










