کشمیر کے اسکولوں میں فی الحال تعطیلات کا کوئی فیصلہ نہیں// محکمہ تعلیم
سرینگر// حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وادی کشمیر کے اسکولوں میں یکم جولائی سے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکام نے ان اطلاعات کو مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی ہے۔یو این ایس کے مطابق سینئر سرکاری حکام نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور حکومت نے اب تک گرمیوں کی تعطیلات کے آغاز کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔محکمہ اسکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے کمشنر سیکرٹری رام نواس شرما نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ فی الحال کشمیر کے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات شروع کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ادھر محکمہ تعلیم کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے موسم کے مرطوب اور بارشوں والا رہنے کی پیش گوئی کی ہے، اس لیے فوری طور پر گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان ضروری نہیں سمجھا گیا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم کا ہر دن اہمیت رکھتا ہے، اس لیے تعطیلات کے فیصلے میں تعلیمی مفاد کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ تاہم محکمہ کی جانب سیجولائی کے دوسرے ہفتے سے گرمیوں کی تعطیلات شروع کرنے کی عارضی تجویز زیر غور ہے، لیکن حتمی تاریخ کا تعین موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔حکام نے مزید کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی بھی سرکاری فیصلہ مناسب وقت پر باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا، اس لیے عوام صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔










