ناگبل میں 1.88 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ پی ایچ سی کا افتتاح کیا
بڈگام//اسپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ یوسمرگ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اسے گلمرگ کی طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے حلقہ چرارِ شریف کے ناگبل میں1.88 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نئے تعمیر شدہ پرائمری ہیلتھ سنٹر ( پی ایچ سی ) کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ حکومت کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے اسپیکر موصوف نے بتایا کہ سیاحوں کیلئے یوسمرگ میں ایک گنڈولہ ، ہر موسم میں رابطہ ، اسکیئنگ اور دیگر تفریحی اور بنیادی سہولیات سمیت تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یوسمرگ کی اس ترقی سے کنڈی کے علاقے میں رہنے والی مقامی آبادی کے معاشرتی اور معاشی حالات میں نمایاں اضافہ ہو گا ۔ صحت کے شعبے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے اسپیکر موصوف نے کہا کہ نو افتتاحی پی ایچ سی ناگبل ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ضروری طبی خدمات فراہم کرے گا ۔ اسپیکر موصوف نے کہا کہ یہ پی ایچ سی جدید طبی سازو سامان سے لیس ہے جس سے مقامی آبادی کو طبی سہولیات کیلئے شہروں کا رُخ نہیں کرنا پڑے گا ۔ اسپیکر موصوف نے حلقے میں دیگر پی ایچ سی عمارتوں کی منظوری پر بھی روشنی ڈالی جن میں سے کچھ عمارتیں جلد ہی مکمل کی جائیں گی اور عوام کے نام وقف کی جائیں گی ۔ مسٹر راتھر نے کہا کہ مجموعی طور پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ چرارِ شریف میں صحت اور تعلیمی شعبوں کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ اس دورے کے دوران متعدد عوامی وفود نے بھی اسپیکر موصوف سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل اور مطالبات سے اسپیکر موصوف کو آگاہ کیا ۔ جس کے جواب میں اسپیکر موصوف نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھا کر انہیں جلد حل کیا جائے گا ۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ اے ڈی سی بڈگام ، سی ای او یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، ایس ڈی ایم چاڈورہ ، سی ایم او بڈگام اور دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔










