ہمہامہ سے لاپتہ ہونے والی ہندوارہ کی2نابالغ لڑکیاں

5روزبعدبس اسٹینڈ جموں سے بازیاب،دونوں لڑکیاں والدین کے سپرد،تحقیقات جاری:بڈگام پولیس

سری نگر//بڈگام پولیس نے 4روز قبل لاپتہ ہوئی 2نابالغ بہنوں کوجموں سے بازیاب کرلیا ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے بتایاکہ26ستمبر2022کو پولیس چوکی ہمہامہ کو ایک خاتون کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی۔پولیس کے مطابق شکایت کنندہ خاتون شمیمہ ساکنہ ہندواڑہ حال ہمہامہ نے بتایا کہ اس کی 2 نابالغ بیٹیاں جن کی عمر15 سال اور 16 سال ہیں جو اس وقت ہمہامہ میں کرائے کے مکان میں مقیم ہیں،25ستمبرکو لاپتہ ہوگئیں۔اس اطلاع پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر337/2022 درج کیا گیا اور تفتیش شروع کردی گئی۔2 کمسن گمشدہ لڑکیوں کا سراغ لگانے کیلئے چوکی آفیسر ہمہامہ انسپکٹر امتیاز احمد کی نگرانی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ سخت کوششوں اور مختلف سراغ کام کرنے کے بعد، پولیس ٹیم نے بدھ کی شام بس اسٹینڈ جموں سے لاپتہ ہونے والی دونوں نابالغ لڑکیوں کا سراغ لگاکر بازیاب کرلیا۔دونوں لڑکیوں کو خواتین پولیس اور اہل خانہ کے ذریعہ بحفاظت بڈگام پہنچایا گیا۔پولیس کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نابالغ لڑکیوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔