مہینڈھر//مسٹر عبدالعزیز کی سربراہی میں گاؤں ہل کاکا سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے آج وزیر برائے جل شکتی ، فاریسٹ ، ایکالوجی اینڈ انوائیرنمنٹ اور قبائلی امور مسڑ جاوید احمد رانا سے کیمپ آفس میں ملاقات کی۔ وفد نے وزیر کو ترقیاتی منصوبوں خاص طور پر سڑک رابطے سے متعلق جو پروجیکٹ ان کے گاؤں میں جاری ہیں ان کی جلد تکمیل کیلئے ان کی مداخلت کی تاکید کی ۔ وزیر موصوف نے وفد کو آگاہ کیا کہ مقامی ایم ایل اے چودھری محمد اکرم نے ہل کاکا میں عوام کو درپیش مشکلات کو قانون ساز اسمبلی میں پُر زور طریقے سے اٹھایا ہے ۔ وزیر موصوف نے یقین دلایا کہ وفد کے ذریعہ اٹھائے گئے تمام ترقیاتی امور کو ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ ہل کاکا گاؤں جو سرنکوٹ میں پیر پنچال رینج کے دامن میں واقع ہے اس خطے کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ۔ وفد نے وزیر سے ان کی تفہیم اور مدد کیلئے اظہار تشکر کیا ۔










