نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کو مرکزی حکومت کو گھریلو ملازمین کے حقوق اور عزت کے تحفظ کیلئے ایک جامع قانون بنانے کی ہدایت دی۔جسٹس سوریہ کانت اور اجول بھویان کی بنچ نے وزارت محنت اور روزگار کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر اس طرح کے قانون سازی کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے اور چھ ماہ کے اندر اپنے نتائج پیش کرنے کے لئے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔بنچ نے شہری گھرانوں میں کھانا پکانے ، صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال جیسے ضروری کام انجام دینے والے گھریلو ملازمین کے اہم رول پر زور دیا۔عدالت عظمیٰ نے اس بات پر غور کیا کہ ان کی (ملازمین)بڑھتی ہوئی مانگ کے باوجود، ملک گیر قانون سازی کے ڈھانچے کی عدم موجودگی میں وہ استحصال اور بدسلوکی کا شکار ہیں۔
جسٹس سوریہ کانت کے ذریعہ لکھے گئے اپنے فیصلے میں، عدالت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ زیادہ تر گھریلو ملازمین درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر کمزور طبقات سمیت پسماندہ طبقات سے آتے ہیں۔ وہ اکثر مالی مشکلات کی وجہ سے گھریلو کام کرتے ہیں۔ انہیں کم اجرت، کام کے غیر محفوظ حالات اور طویل اوقات کار جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔










