ٹرمپ کا جنگ بندی کے خاتمہ اور ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اشارہ

ٹرمپ کا جنگ بندی کے خاتمہ اور ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اشارہ

واشنگٹن/یو این آئی// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کے خاتمے اور ایران پر دوبارہ حملوں کا اشارہ دیدیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممکنہ طور پر جنگ بندی کے خاتمے سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کی ضرورت ہے لیکن شاید پڑ بھی سکتی ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ایران کے خلاف فوجی آپریشن بہت پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کی 90فیصد میزائل کی فیکٹریاں تباہ کر دیں، ایران پر لگائی گئی پابندیں کامیاب ہیں، ایران کی معیشت تباہ ہوتی جارہی ہے ، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا اور ایران معاہدہ کرنے کیلئے بیتاب ہے ۔ صدر ٹرمپ بولے ایرانی قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ کسی کو معلوم نہیں کہ وہاں اصل لیڈر کون ہے ۔ امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ ایران کو فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دینی چاہیے ۔ امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے وزیراعظم کا ذکر کیا اور کہا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں، پاکستان اور ہندوستان کی جنگ بھی اس میں شامل ہے ۔ صدر ٹرمپ بولے پاکستان اور ہندوستان کی جنگ میں 11 طیارے گر چکے تھے ، وزیراعظم پاکستان نے مجھ سے کہا کہ میں نے 3 سے 5 کروڑ انسانوں کی جانیں بچائی ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل وگیس کی قیمتیں فوراً کم ہوجائیں گی، انہوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز استعمال نہیں کرتے ، ہمارے پاس بہت تیل ہے ۔