ممبئی :چار افراد کی پراسرار موت کا معاملہ‘ زہر دینے کا شبہ

ممبئی/ایجنسیز//ممبئی کے علاقے پیدھونی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی پراسرار موت کے معاملے میں تحقیقات نے اہم اور سنسنی خیز موڑ لے لیا ۔ ابتدائی طور پر اس واقعہ کو سمیت غذاء سے جوڑا جا رہا تھا، تاہم فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ نے اس امکان کو مسترد کر دیا ۔ابتدائی جانچ کے مطابق تربوز مکمل محفوظ پایا گیا اور اس میں کسی قسم کی کیمیکل ملاوٹ یا زہریلا مادہ موجود نہیں تھا۔ اس کے ساتھ ہی گھر میں موجود دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا، مگر کسی بھی چیز میں زہر یا ملاوٹ کے آثار نہیں ملے۔ اس انکشاف کے بعد معاملہ پیچیدہ ہو گیا ہے اور سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ اگر کھانا محفوظ تھا تو پھر موت کی اصل وجہ کیا ہے؟۔ اسی دوران ابتدائی فارنسک رپورٹ کے مطابق متوفیان کے دماغ سمیت کئی اہم اعضاء سبز ہو چکے تھے، جسے ماہرین غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔ یہ عام سمیت غذاء کا کیس نہیں بلکہ کسی مہلک زہر کے اثرات ہو سکتے ہیں۔