سری نگر//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن ایم اے روڈ سری نگر نے آج ’’این اِی پی۔ 2020: اعلیٰ تعلیم میںجدید تدریسی نقطہ نظر اور تشخیصی اِصلاحات‘‘کے موضوع پر دو روزہ قومی کانفرنس کی میزبانی کی۔چیئرپرسن جے کے ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر دنیش سنگھ نے کانفرنس کا اِفتتاح کیا اور کانفرنس میں ہندوستان بھر سے معززین نے کانفرنس میںشرکت کی جن میں وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر اے رویندر ناتھ،وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے، نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن نئی دہلی کی پروفیسر منیشا پریام،ڈائریکٹر آف کالجز پروفیسر جے اینڈ کے (ڈاکٹر) یاسمین عشائی، رجسٹرار کلسٹر یونیورسٹی پروفیسر (ڈاکٹر) ولایت رضوی،پرنسپل جی ڈی سی بمنہ پروفیسر (ڈاکٹر) سیّد نذیر سمنانی، پرنسپل ایس پی کالج پروفیسر (ڈاکٹر) غلام جیلانی قریشی اور دیگر فیکلٹی ممبران ، جموں وکشمیر کے مختلف کالجوں کے ریسرچ سکالر شامل ہیں۔پروفیسر دنیش سنگھ نے ہماری زندگیوں میں تعلیم کے حقیقی مفہوم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس میں نہ صرف تعلیمی مہارت پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے بلکہ مجموعی طور پر شخصیت کی نشوونما کو یقینی بنانا چاہئے۔ اُنہوں نے گاندھی، کبیر، آئنسٹائن، مینڈل اور ملٹن کی مثالیں دیتے ہوئے تعلیم میں غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔وائس چانسلر سی یو کے نے این اِی پی۔ 2020 کے مختلف کلیدی شعبوںجیسے سیکھنے والے پر مرکوز تعلیم ، تعلیم میں جامعیت، تعلیم میں جامع نقطہ نظر ، اَپنی ڈگری کو ڈیزائن کرنا اور تعلیمی بینک آف کریڈٹ پر بات کی۔پروفیسر امیش رائے نے اِس بات پر زور دیا کہ تعلیم کو کلاس روم کی چار دیواری تک محدود نہیں رکھنا چاہئے بلکہ اسے معاشرے کے ساتھ جوڑا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہاکہ این اِی پی۔ 2020کے مطابق طلبأ فیصلہ کریں گے کہ وہ کیا پڑھنا چاہتے ہیں، اساتذہ نہیں۔پروفیسر یاسمین عشائی نے این اِی پی۔ 2020 کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف کلیدی امور جیسے کثیر الضابطہ تعلیم، متعدد داخلے اورخارجی اِختیارات، ہندوستانی علم کے کورسز اور اعلیٰ تعلیم میں آئی سی ٹی کے بارے میں تفصیل سے وضاحت کی۔این آئی اِی پی اے کی پروفیسر منیشا پریم نے قومی نقطہ نظر سے این اِی پی ۔2020 آپریشنلائزیشن کے موضوع پر بات کی۔ اُنہوں نے این اِی پی۔ 2020 کے اہم شعبوں جیسے تدریسی نقطہ نظر اور تشخیصی اصلاحات ، آرٹیفیشل اِنٹلی جنس اور اِنسانی ذہن کا موازنہ کرنا ، کتابی اِمتحانات اور علمی معاشرے کی تشکیل پر روشنی ڈالی۔اِس سے قبل میزبان کالج کی پرنسپل پروفیسر ایم سیما ناز نے شرکأ کے تعلیمی پروفائلز پیش کئے۔ کانفرنس کے کوآرڈی نیٹر فضل الٰہی نے کانفرنس کا پس منظر پیش کیا۔کانفرنس کے اِفتتاحی سیشن میں سمارٹ کانفرنس ڈائجسٹ، کالج کی اشاعتوں بشمول کالج جرنل، میگزین اور مائیکرو ٹیچنگ ہینڈ بک کا اِجرأ بھی کیا گیا۔یہ کانفرنس 26 ؍جون 2024 ء کو اِختتام پذیر ہوگی۔










