کہا،ہر مکھ۔گنگ بل جیسی روحانی یاترائیں قوم کی روح اور اِجتماعی شعور کو مضبوط کرتی ہیں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گاندربل میں ہرمکھ ۔گنگ بل یاترا کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ یاترا ہندوستان کے شاندار ماضی اور متحرک حال کے درمیان ایک مقدس پُل کی حیثیت رکھتی ہے۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر صدیوں سے عقیدے کی ایک اٹوٹ دھارے سے فیضیاب ہوتا رہا ہے اور اس سرزمین کا گوشہ روحانی توانائی سے معمور ہے جس کا ذکر کلہن نے اَپنی معروف تصنیف ’راج ترنگنی ‘میں بھی کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنرنیلمت پران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوہِ ہرمکھ جسے ہرمکٹ بھی کہا جاتاہے، بھگوان شیو کا پوتر مسکن مانا جاتا ہے جبکہ 14,500 فٹ کی بلندی پر واقع گنگ بل جھیل کو’ماتا گنگا‘کی موجودگی سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دُشوار گزار راستوں اور تاریخی اتار چڑھائوکے باوجود عقیدت مندوں نے اس یاترا گاہ کے ساتھ اپنے روحانی تعلق کو برقرار رکھا ہے۔ یہ مقام تقدس کے اعتبار سے ہریدوار کے برابر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمالیائی یاترائیں ہمیں فطرت کے سامنے عاجزی کا درس دیتی ہیں اور ہر سمت سے نیک خیالات حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہیںجس سے سماجی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’مجھے پختہ یقین ہے کہ ہرمکھ ۔گنگ بل یاترا لازوال عقیدے کا زندہ مظہرہے۔ اِس یاترا میں کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں ہے۔سبھی سچائی کے متلاشی اور روحانیت میں متحد ہوتے ہیں۔ یہی ہماری اَبدی ثقافت کی طاقت ہے۔‘‘اُنہوں نے موجود ہ دور میں یاترا کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی چیلنجوں کے تناظر میں فطرت کے تحفظ کا عہد کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی روحانی یاترائیں قوم کی روح اور اِجتماعی شعور کو مضبوط کرتی ہیں۔منوج سِنہا نے کہا، ’’میں اکثر کہتا ہوں کہ ہمالیائی یاترائیں ہمیں دو اہم سبق سکھاتی ہیں۔ پہلا یہ کہ میں فطرت کا مالک نہیں بلکہ اس کا محافظ ہوں۔ دوسرا یہ کہ نیک اور مفید خیالات ہر سمت سے ہمارے پاس آنے چاہئیں تاکہ ہم معاشرے کو مزید خوشحال بنا سکیں۔ میرا ماننا ہے کہ ہماری ابدی ثقافت میں یاترا ہمیشہ سماجی ہم آہنگی کے لئے ایک بڑی قوت رہی ہے۔یاترا ہمیں وہ طاقت اور خود اعتمادی عطا کرتی ہے۔ ساتھ ہی یہ ہمیں فطرت کے مزید قریب لاتی ہے۔ سفر کے دوران ہمیں احساس ہوتا ہے کہ فطرت ہماری میراث ہے اور اس کے تئیں ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ہرمکھ ۔ گنگ بل یاترا ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو بتائیں کہ ہماری لازوال ثقافت صرف موجودہ دور کے شعور کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ مستقبل کی سمت کا تعین بھی کرتی ہے۔‘‘اُنہوںنے جاری ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا بھی حوالہ دیا جووزیر اعظم نریندر مودی کی مسلسل 25 سالہ عوامی خدمت کے لئے وقف ہے۔ اُنہوں نے شہریوں اور ہرمکھ گنگا گنگ بل ٹرسٹ سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہمات، خون کے عطیے، طبی کیمپوں، شجرکاری اور نوجوانوں سے متعلق پروگراموں جیسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’ ہرمکھ کی برف پوش چوٹیاں ہمیں اعلیٰ خیالات اَپنانے کی ترغیب دیں اور بھگوان شیو کا آشیرواد اور شفقت تمام یاتریوں کے ساتھ رہیں۔‘‘اِس موقعہ پر ممبرپارلیمنٹ میاں الطاف ، رُکن قانون ساز اسمبلی کنگن میاں مہر علی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری،بانی چیئرمین و جنرل سیکرٹری ہرمکھ گنگا گنگ بل ٹرسٹ وِنود پنڈتا، صوبائی کمشنر کشمیر جناب انشل گرگ، آئی جی پی کشمیر سوجیت کمار،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور، صدرہرمکھ گنگا گنگ بل ٹرسٹ انیل بھٹ اور دیگر اراکین، مذہبی رہنما، سینئر سول و پولیس اَفسران، سکیورٹی حکام، معزز شہری اور بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔










