اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کے مطالبات کو پورا کرتے ہوئے بھاری مینڈیٹ کا بدلہ دیں/ عمر عبد اللہ
سرینگر // گزشتہ پانچ سالوں میں نیشنل کانفرنس کو تباہ کرنے کی کوششیں کی گئیں کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ خدا کا فضل ہم پر رہا ہے اور جن لوگوں نے ہمیں تباہ کرنے کی کوشش کی، وہ اس عمل میں تباہ ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ نیشنل کانفرنس کو نقصان پہنچانے کیلئے میدان میں تھے وہ عوام کے مینڈیٹ سے ہلاک ہوئے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کے مطالبات کو پورا کرتے ہوئے بھاری مینڈیٹ کا بدلہ دیں۔ سی این آئی کے مطابق نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ان کی پارٹی کو تباہ کرنے کی کئی کوششیں نئی تنظیمیں بنا کر کی گئیں جو اس الیکشن میں ناکام ہو گئیں۔اسمبلی انتخابات میں بڈگام اور گاندربل سے بھاری جیت درج کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا ’’پچھلے پانچ سالوں میں این سی کو تباہ کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ یہاں بہت سی پارٹیاں بنائی گئیں جن کا مقصد صرف این سی کو تباہ کرنا تھا۔ لیکن، خدا کا فضل ہم پر رہا ہے اور جن لوگوں نے ہمیں تباہ کرنے کی کوشش کی، وہ اس عمل میں تباہ ہو گئے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’میں بڈگام کے ووٹروں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ووٹ دیا، مجھے کامیاب بنایا اور مجھے ایک بار پھر جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع دیا۔‘‘عبداللہ نے کہا کہ اس فیصلے سے پارٹی کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے کام کے ذریعے لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں اور ہماری کوشش آئندہ پانچ سال تک یہی رہے گی۔انہوں نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا بھی شکریہ ادا کیا جب انہوں نے شاندار جیت پر این سی کو مبارکباد دی۔سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بڈگام کے لوگوں کو اپنی زبردست جیت کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ جو لوگ این سی کو تباہ کرنے کے لیے میدان میں آئے تھے وہ خود عوام کے فیصلے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب این سی کو دیا گیا مینڈیٹ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں لوگوں کے مطالبات کو پورا کرکے اس مینڈیٹ کا بدلہ دینا ہوگا۔ ‘‘










