سرینگر//گریز میں ایم ایل اے کی پْر ہجوم ریلی پر حملہ ہوا جس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جبکی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچاہے۔کشمیر پریس سروس کے مطابق شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے تلیل کے گجران علاقے میں کل شام ایم ایل اے نذیر احمد خان گریزی کی ریلی پر ہجوم نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک درجن افراد زخمی ہوئے، جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بتایا جات ہے کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جن میں سے تین کو سری نگر کے اسپتال میں منتقل کیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔جھڑپ شروع ہوتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے دھوئیں کے گولوں کا استعمال کیا اور حالات کو قابو میں کیا۔ دریں اثناء ایم ایل اے گریز نذیر احمد خان نے بی جے پی کارکنوں اور بی جے پی لیڈر فقیر محمد خان کے رشتہ داروں پر الزام لگایا کہ وہ ان کے خلاف الیکشن ہار گئے تھے، انہوں نے گجراں میں ریلی کی آمد کو نشانہ بنایا۔تاہم اس الزام کے ردعمل میں بی جے پی لیڈر فقیر خان کے بیٹے ڈی ڈی سی تلیل اعجاز احمد خان نے کہا کہ نذیر خان کی ریلی میں لوگوں نے ان کے کارکنوں کے گھروں پر پتھراؤ کیا اور انہیں مشتعل کیا۔گاؤں والوں نے مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں جھڑپیں ہوئیں۔اس کے نتیجے میں ہمارے کارکن زخمی ہوئے اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔










